آخری یک طرفہ مکالمہ

تمہاری مطلوبہ سیاہ رنگ کی میت بس پہنچنے والی ہے اور تمہارا تابوت بھی تمہاری آخری خواہش کی تکمیل کے لئے دوبارہ پالش کردیا گیا ہے !

ہاں میرا یقین کرو ہم نے گورکن سے کہ کر تمہاری قبر کی جگہ وہی رکھی ہے جسے تم نے کل صبح مقرر کیا تھا !

ہاں ہاں وہی جگہ جس کے اردگرد بہت سے بچے دفن ہیں
خیر یہ تو ہونا ہی تھا کہ گورکن اس کی زیادہ قیمت لیتا !

نہیں نہیں امام صاحب بھلا تمہارا جنازہ کیوں پڑھائیں گے؟ تمہیں نہیں معلوم ایسی موت مرنے والوں کی نمازِ جنازہ عالمِ دین نہیں پڑھاتا!

ہاں بھائی میں کہ رہا ہوں نا کہ وصیت بالکل تیار ہے
گرچہ اس میں ایسا کچھ خاص نہیں ہے مگر جلد تمہارا قرض ادا کردیا جائے گا جس میں چائے والے کے پیسے، سگریٹوں کا ادھار، نیٹ کا بِل، بچوں کی اسکول فیس کے ساتھ ساتھ تمہاری بیوی کو تمہارا موبائل بیچ کر پیسے دے دئے جائیں گے
اب بس تم جلدی سے تیار ہوکر تابوت میں لیٹ جاؤ
تاکہ تم اس گھر سے باہر لے جائے جا سکو!

یار تم تو مر کر بھی چپ نہیں ہورہے ہو
اتنے جوابات اور وضاحتیں کون سا مُردہ طلب کرتا ہے ؟
ہاں ہاں تمہاری بہن کو تمہاری موت کی اطلاع دے دی گئی ہے اور تمہارا باپ گلی میں ٹینٹ لگوا چکا ہے
اور تمہارا بھائی بھی پہنچنے والا ہے
اسے جب تمہاری موت کی خبر ملی وہ دوستوں کے ساتھ ایک مہنگے ہوٹل میں کھانے کی تیاری میں تھا
اس کی بات بھی ٹھیک ہے کہ کیا تمہیں آج ہی اور ابھی ہی مرنا تھا ؟ ویسے تم کل بھی تو مر سکتے تھے مگر چلو خیر!
اور ہاں جب تمہاری بہن کو پتا چلا تو اس وقت وہ عید الاضحیٰ کے لئے جانور خریدنے منڈی جارہی تھی
اب اسے کل پھر سے جانے کے لئے وقت نکالنا ہوگا
اور تمہاری بیگم ۔۔۔۔۔ وہ تمہارے کپڑے دھونے کی تیاری میں تھی اور اب وہ مشکور ہے کیونکہ وہ بار بار تمہارے میلے اور پسینے سے شرابور ملبوسات دھو دھو کر تھک چکی تھی
البتہ تمہاری ماں نے اسی طرح سلیقے سے پوری نماز پڑھی اور نم آنکھوں سے دعا مانگی
پھر وہ اٹھی اور اس نے جلدی سے جاکر گلی کا دروازہ کھول دیا تاکہ تعزیت کے لئے آنے والی خواتین کو تکلیف نا ہو
پھر تمہاری بڑی بیٹی نے پانی کا کولر کچن سے راہداری میں رکھ دیا تاکہ روتے ہوئے کسی کو پیاس بھی لگ سکتی ہے
اور تمہارا سب سے چھوٹا بیٹا ابھی تک تمہارے لائے ہوئے کھلونوں کے ساتھ مگن ہوکر کھیلنے میں جتا ہوا ہے
بس یہیں تک تمہارے گھر کا ابتدائی احوال ہے
چلو اب جلدی کرو اور خدا کے لئے کوئی اور سوال مت کرنا نمازِ جنازہ کا وقت قریب آ رہا ہے
ہمیں تمہارا تابوت بھی کیلوں سے بند کرنا ہے !

ہاں نا یار بتا دیا تھا تمہارے کزنوں کو کہ تم مر گئے ہو
ایک دو نے تو تصدیق کے لئے الگ الگ نمبروں سے مختلف آوازیں نکال کر تمہارے باپ کو فون بھی کیا اور یقین آنے پر ان کی شکلیں دیدنی تھیں انہوں نے گھر میں زور زور سے اعلان کئے کہ تم ایسی ہی بھیانک موت مرے ہو جس کے وہ سب خواہاں تھے
اور تمہارے فلاں کزن کا تو پوچو ہی مت
اس نے تمہارا مردہ چہرہ دیکھنے کے لئے مجھ سے واٹس ایپ پر فوری تصویر بھیجنے کا بھی کہا تھا
میں نے بھی بھلا کہاں دیر کی!

یہ بھی پڑھیں:ویڈیو ٹیپ ریکارڈر کے 18 منٹ

مگر تمہارے کون سے دوست نے آنا تھا؟؟
ارے پگلے تمہارا کوئی دوست تھا ہی نہیں
کوئی نہیں آیا بھائی
تمہیں کیا لگتا ہے تمہیں غسل تمہارے دوستوں نے دیا ہے
ہاہا
ارے وہ تو محلے میں آئی تبلیغی جماعت کے کچھ اجنبی لوگ تھے وہ بھی بہت بعد میں تیار ہوئے جب انہیں بتایا گیا کہ کوئی اول تو تمہارے لئے تیار نہیں ہے اور پھر کسی کو غسل دینا آتا بھی نہیں ہے
خیر اب جنازے میں بس اتنا ہی وقت بچا ہے جتنا یہاں سے جنازہ گاہ تک جانے میں لگے گا
خدا کے واسطے اب کوئی سوال مزید نہیں کرنا
چپ چاپ اسی طرح تابوت میں لیٹے رہو
آنکھیں بند ہی رہنے دو
اب خواتین تمہارا چہرہ آخری بار دیکھنے کے لئے اس کمرے میں آرہی ہیں !!

افففف اوہ
بس یہ میرا آخری جواب ہے
اس کے بعد میں بھی تمہیں تمہارے باپ کی طرح اگنور کرونگا بھلے تم کتنا ہی چیختے رہو
لو سنو
اس نے یعنی تمہاری محبوبہ نے آج بھی تمہارے نمبر سے کیا جانے والا تمہاری موت کا اطلاعی فون نہیں اٹھایا
بس اسی بات کا مجھے دکھ ہے
عین ممکن ہے اگر اسے پتا چلتا کہ یہ فون تمہاری موت کی اطلاع کے لئے ہے تو وہ ضرور اٹھاتی اور لاؤڈ اسپیکر پر کرکے اپنی ماں کو بھی سناتی
خیر جب تک تمہیں دفنایا جائے گا
اس کی ماں اسے یہ نیک خبر دے ہی چکی ہوگی
اور وہ اپنے امیر شوہر کے ہمراہ چمچماتی گاڑی میں اپنی نومولود بیٹی کی شاپنگ کے لئے نکل پڑے گی
(ہوئی نا جلن ۔۔۔۔۔ ہاہا مجھے تو بڑا مزہ آیا تمہیں بتا کر)
یا ہوسکتا ہے اس کی ماں بھی اسے نا بتائے
کیا فرق پڑتا ہے
کل بھی تو تم نے مرنا ہی تھا سو آج ہی سہی!

چلو اب ہمیشہ کے لئے شب بخیر
اللہ حافظ
میری دعا ہے کہ کاش تم سے کوئی روزِ محشر بھی نا ملے
بلکہ ملنا ہی نا چاہے!!

اللہ اکبر (پہلی تکبیر) ثناء
اللہ اکبر (دوسری تکبیر) درود شریف
اللہ اکبر (تیسری تکبیر) دعا
اللہ اکبر (چوتھی تکبیر)
السلام عليكم ورحمۃ اللہ
السلام عليكم ورحمۃ اللہ!!

ختم شد!!

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *