اسلام آباد: صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو پیغام دیتے ہوئے انھیں بڑی عید کی مبارکباد دی اور کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر بھی اختیار کرنے کی ہدایت کی۔
آج ملک بھر میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کی یاد میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔
ملک بھر میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے جہاں امت مسلمہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کی گئیں۔
عید کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وہ دوسروں کی مدد کریں اور اس موقع پر مستحقین کو یاد رکھیں۔
صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں عظیم ترین قربانی اور حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی پیروی کا سبق دیتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ترین بندوں کو مختلف طریقوں سے آزمایا ہے اور یہ ہمارے لیے سبق ہے کہ ہم بھی کسی بھی آزمائش کے لیے تیار رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے قربانی دیتے ہوئے کامیابی کا راستہ ملتا ہے۔
ساتھ میں انھوں نے قوم کو یہ تاکید کی کورونا وائرس کے پیشِ نظر وہ عید پر ایس او پیز کا خاص خیال رکھیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ قربانی کے جذبے کے بغیر کوئی قوم پروان نہیں چڑھ سکتی تھی۔
ان کا کہنا تھا جانور کی قربانی دینا ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ ایک شخص کو مقاصد حاصل کرنے کے لیے اپنی خواہشات کی قربانی دیں۔