جنوبی افریقہ میں پاکستانیوں کی دکانوں، کاروبار کو لوٹنا قابل مذمت ہے،کیپٹن عاصم ملک

عاصم ملک

دبئی : ممتاز پاکستانی رہنما اور ترجمان اوورسیز پاکستانیز کیپٹن عاصم ملک نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ میں جاری دنگا فساد اور مظاہروں کے دوران جس طرح غیرملکی افراد خصوصا” اوورسیز پاکستانیوں کی دکانوں اور کاروباروں کو لوٹا گیا وہ انتہائی افسوس ناک بات ہے، کئی پاکستانیوں نے جنوبی افریقہ سے فون پر بتایا کہ مظاہرین نے جان بوجھ کر غیرملکی افراد کی دکانیں لوٹیں جو جنوبی افریقی حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح سے اوور سیز پاکستانی جو جنوبی افریقہ میں رہائش پذیر ہیں ان کے گھروں اور دکانوں میں لوٹ مار کرکے برباد کیا گیا یہ جنوبی افریقی اور پاکستانی حکومت کے لئے ایک چیلنج ہے۔

کیپٹن عاصم ملک نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی املاک اور کاروبار کی حفاظت نہ صرف جنوبی افریقی حکومت کی ذمہ داری ہے بلکہ اس سلسلے میں پاکستانی سفارتخانے اور حکومت پاکستان کو بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ جنوبی افریقہ میں متاثرہ پاکستانیوں کے کاروبار کی بحالی کے لیے اور ان کے نقصانات کے ازالے کے لیے جنوبی افریقہ حکومت سے بات کرے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *