جامعہ اردو کا وائس چانسلر تعینات ، کرپٹ رجسٹرار فارغ ہونے سے انتظامیہ میں خوشی کا ساماں

الرٹ نیوز

وفاقی جامعہ اردو آرٹس سائنس و ٹیکنالوجی کے قائم مقام وائس چانسلر کا چارج پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیرنے بروز منگل 7 جنوری 2020 سے سنبھال لیا ہے۔

اس سلسلے میں صدر پاکستان اورچانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پرو فیسر ڈاکٹرعارف زبیرکو قائم مقام وائس چانسلر کا چارج سنبھالنے کی ہدایات جاری کی گئی تھی ۔ شیخ الجامعہ کی اولین ترجیحات یہی ہیں کہ جامعہ اردو کی بہتری کیلئے مستقل وائس چانسلرکیلئے تعیناتی کے عمل کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔

اس موقع پر ڈاکٹر افتخار محمد طاہری،ڈاکٹر عرفان عزیز، ڈاکٹر طاہر علی، ثمرہ ضمیر،ڈاکٹر سحر افشاں،ڈاکٹر کوثر یاسمین، ڈاکٹر صائمہ خالق، ڈاکٹر طلعت محمود،پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد،پروفیسر نجم العارین، ڈاکٹر محمد عابدسمیت انجمن غیر تدریسی ملازمین گلشن اقبال و عبدالحق کیمپسز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر کا چارج سنبھالنے کے بعد اساتذہ اور ملازمین اور طلباء کی بڑی تعداد نے گلپاشی کی اور انہیں مبارکباد دی۔ اس موقع پرقائم مقام وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر عارف زبیر نے کہا کہ جامعہ کے تمام ملازمین جامعہ کا اثاثہ ہیں ہم سب کو ملکر جامعہ کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنا ہوگاجبکہ رجسٹرار کا چارج سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر ساجد جہانگیر نے کہا کہ طلباء جامعہ کا اثاثہ ہیں اس لئے ان کی کوشش ہوگی کہ سب سے پہلے جامعہ میں تعلیم کا معیار بہتر بنائیں جس کے لئے موثر منصوبہ کی ضرورت ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ جامعہ کے تمام مسائل کے حل کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔امید ہے کہ جامعہ کی ترقی کے لئے تدریسی و غیر تدریسی ملازمین انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں گے۔

وفاقی اردو یونیورسٹی آرٹس سائنس و ٹیکنالوجی کے قائم مقام وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر نے ڈاکٹر ساجد جہانگیر کو بحیثیت رجسٹرار جامعہ اردو تعینات کردیا ہے۔ ڈاکٹر ساجد جہانگیر نے بروزمنگل 7جنوری2020سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہے۔ انہوں نے 2010میں آسٹریا سے پی ایچ ڈی کی ڈگری جبکہ 2019 میں آئی بی اے سے ایم بی اے مکمل کیا۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *