بابراعظم نے متعدد ریکارڈز اپنے نام کرلیے

آئی سی سی

لندن: بابر اعظم نے انگلینڈ ایک روزہ میچ میں 158 رنز کی اننگز کھیل کرکئی ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔

تفصیلات کے مطابق بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ کیریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 158 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے۔

بابراعظم پاکستان کی جانب سے 150 رنز بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بھی بن گئے ہیں۔ شعیب ملک نے 2008 میں بھارت کیخلاف 125 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

بابر اعظم نے 14 ون ڈے سنچریاں اپنے 81 ویں ایک روزہ میچ میں مکمل کیں یوں وہ تیز ترین 14 سنچری بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ جنو بی افریقا کے ہاشم آملہ نے یہ کارنامہ 84 اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے 98 اننگز میں انجام دیا تھا ۔

دوسری جانب بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ اس سے قبل امام الحق نے 2019 میں انگلینڈ کے خلاف 151 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اس کے علاوہ میچ کے دوران بابر اعظم نے محمد رضوان کے ساتھ 179 رنز کی شراکت بنائی جو کسی بھی وکٹ پر اور کسی بھی میدان پر پاکستان کی انگلینڈ کیخلاف سب سے بڑی شراکت ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *