چار جولائی کو سوات جلسے کا مقصد نااہل حکمرانوں کو رخصت کرنا ہے، انجینئر امیر مقام

امیر مقام سوات جلسہ

سوات : پاکستان مسلم لیگ ن صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر انجینئرا میر مقام نے کہا ہے کہ 4جولائی کو سوات جلسے کا مقصد نااہل حکمرانوں کو رخصت کرنا ہے،غریب اور کچے مکان نہ دیکھنے والے کیسے عوام کے مسائل حل کرسکتے ہیں،عمران اور اس کے ٹولے نے جھوٹ میں پی ایچ ڈی کرلی ہے،زلفی بخار ی کی اسرائیل میں موساد کے سربراہ سے ملاقات کے حقائق سامنے لائے جائیں،اسلام کے بد ترین دشمن کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کا کیا مطلب ہے؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کانجو ٹاؤن شپ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی تحصیل الپورئ کے جنرل سیکرٹری فرمان اللہ، نورحسن،فیض محمدپاپا،حاجی اسماعیل،نقش خان،نورعلی،شیرعلی سمیت سیکڑوں افراد نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا،انجینئر امیر مقام، ایم این اے ڈاکٹر عباد اللہ، سابق ایم پی اے محمد رشاد خان، فضل الرحمان نونواور دیگر قائدین نے ن لیگ میں شمولیت ہونے والے افراد کو مسلم لیگ ن کی ٹوپیاں پہنائیں۔ شمولیت اختیار کرنے والوں نے مسلم لیگ ن اور انجینئر امیر مقام کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نااہل حکمرانوں کے خلاف ڈٹ کر بھگانے پر مجبور کریگی،ہمارا مشن مہنگائی کا خاتمہ اور گرین پاسپورٹ کی عزت بحال کرنا ہے،اس ملک میں حقیقی تبدیلی صرف نواز شریف ہی لاسکتے ہیں،موسم گرما کے باوجود ملک بھر میں پھر سی این جی اسٹیشنزکو 5 جولائی تک بند کیا گیا ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے،سسٹم میں بجلی ہونے کے باوجود بھی بدترین لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے،

انجینئر امیر مقام نے مزید کہاکہ پی ڈی ایم تحریک کا مقصد موجودہ نااہل حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہے جن کے ناقص پالیسوں کی وجہ سے پاکستان دنیا میں تنہا رہ گیا ہے،اب تو ائیر پورٹس اور موٹرویز کو بھی گر وی رکھ دیا گیا ہے، حکومت کے ناکام خارجہ پالیسی کے باعث ہزاروں افراد کے باہر ممالک کے ویزے کینسل ہو گئے ہیں،آئے روز بڑھتی ہوئی مہنگائی ملک کے غریب عوام کے لئے نا قابل برداشت ہو چکی ہے اس لئے ان نا اہل حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، چینی چور اور آٹا چور کے الزامات حکمران پارٹی کی ٹیم پر ثابت ہوئے لیکن شہباز شریف اور حمزہ شریف کو نوٹسز دئیے گئے، نااہل حکمرانوں نے انتقامی سیاست شروع کی ہے، میرے بیٹے کو جیل میں بند کیا گیا اور میرے تعمیراتی کاموں کے ٹھیکے بند کئے گئے لیکن ہم ان تمام مشکلات کے باوجود ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خدمت کے لئے کام کررہے ہیں کیونکہ ہماری سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے والوں کے لئے ایک بڑے جلسے کا اہتمام کریں گے، آنے والا دور ایک بار پھر مسلم لیگ ن کا ہے جو ملک کے چاروں صوبوں میں مضبوط قوت بن چکی ہے انہوں نے پارٹی میں شامل ہونے والے سینکڑوں افراد کو مبارک باد دئیے ہوئے پارٹی ورکروں اور عوام سے 4 جولائی گراسی گروانڈکے جلسے میں بھر پور شرکت کی اپیل کی۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *