جرنلسٹس پروٹیکشن بل کی سندھ اسمبلی سے منظوری، PFUJ اور KUJ کی مبارک باد

کراچی : سندھ اسمبلی نے دوسری بار سندھ جرنلسٹس پروٹیکشن بل کی منظوری دے دی۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یوجے) اور کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) نے بل کی منظوری پر سندھ حکومت اور تمام اراکین سندھ اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور صحافی برادری کو مبارک باد پیش کی۔

پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی نے ایک بیان میں اسے ملک بھر کے صحافیوں کے لیے بڑی کام یابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کو مضبوط کرنے کے سلسلے میں یہ پہلا قدم ہے، جسے اٹھانے میں سندھ حکومت بازی لے گئی۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکر یٹری عاجز جمالی، نائب صدور لبنیٰ جرار، ناصر شریف، جوائنٹ سیکریٹریز رفیق بلوچ، طلحہٰ ہاشمی، خازن یاسر محمود اور ایگزیکٹو کونسل کے اراکین نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پہلے بل پر گورنر سندھ کی جانب سے اعتراضات کے بعد صحافی برادری میں مایوسی پھیل گئی تھی، کیوں کہ تاریخ میں پہلی بار صحافیوں کے تحفظ کے لئے کوئی قانون بنایا جا رہا ہے، تاہم وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے آئینی تقاضوں کے مطابق دوسری مرتبہ بل سندھ اسمبلی میں پیش کیا، جسے اسمبلی نے منظور کرلیا ۔

انہوں نے وزیر اطلاعات سمیت تمام اراکین سندھ اسمبلی اور سندھ حکومت کا بل کی منظوری پر شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء کے یوجے کے سابق صدر سید حسن عباس، پی ایف یوجے سندھ چیپٹر کے صدر سعید جان بلوچ اور دیگر سینئر رہنمائوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کے یو جے کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے اور کے یو جے نے محکمہ اطلاعات کے ساتھ مل کر اس قانون کی تیاری میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے صحافیوں کے تحفظ کا قانون بننے پر تمام صحافی برادری کو مبارک باد پیش کی۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *