ہلال ِاحمر نے کورونا وباء کے خلاف ویکسی نیشن کا دائرہ کار وسیع کردیا

کورونا ویکسین

اسلام آباد۔ (): کورونا وباء کے پھیلاؤ کو کم کرنے کیلئے ہلال ِاحمر پاکستان نے وفاقی دارالحکومت میں گھر گھرجاری ویکسی نیشن کا دائرہ کار وسیع کردیا ہے۔اِسی اقدام کو آگے بڑھاتے ہوئے ہلالِ احمر نے حکومت آزاد کشمیر کے محکمہ صحت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے ہیں، اِس یادداشت کے تحت ”کورونا فری کشمیر“ مہم کے دوران مختلف اضلاع میں موبائل ویکسی نیشن یونٹ کو استعمال میں لاکر لوگوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔

اِسی طرح ہلال ِ احمر نے محکمہ صحت سندھ اور این سی او سی کے اشتراک سے لکی ون مال اور ڈولمن مال کے مقامات پر دو موبائل ویکسی نیشن یونٹس کا آغاز کردیا ہے۔ اِس کے ساتھ ساتھ ہلال ِاحمر نے کلفٹن اور گورومندر میں واقع ریڈکریسنٹ میڈیکل سنٹر میں بھی ویکسی نیشن کاؤنٹرز قائم کیے ہیں۔

علاوہ ازیں ہلالِ احمر کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے دیگر اضلاع سمیت قبائلی اضلاع میں بھی ویکسی نیشن سنٹر قائم کرنے کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ اسلام آباد انتظامیہ اور ہلالِ احمر کے مشترکہ پروگرام کے تحت ہلالِ احمر کے رضا کار ہلال ِاحمر کی ایمبولینسوں پر گھر گھر جاکر ویکسی نیشن کررہے ہیں۔ یہ سہولت اُن افراد کو دی جارہی ہے جنہوں نے رجسٹریشن کرالی ہے مگر وہ کسی وجہ سے نامزدکردہ ویکسی نیشن سنٹر جا نہیں پارہے۔اپنے ایک بیان میں ہلالِ احمر کے چیئرمین جناب ابرار الحق نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے خلاف جنگ فیصلہ کُن مرحلہ میں داخل ہوگئی ہے، کورونا مثبت کیسز کی شرح بتدریج کم ہورہی ہے، حکومتی ہدایات، اقدامات اور عوام کے تعاون اور ویکسی نیشن کی بدولت حالات خطرے سے باہر ہیں۔

مزید پڑھیں: ملک میں کورونا کیسز کم لیکن کراچی میں بڑھنے لگے

انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی تیسری لہر پہلی دو لہروں سے زیادہ خطرناک تھی لیکن اب ہر گزرتے دِن مثبت کیسوں کی شرح کم ہورہی ہے ملک کے بیشتر علاقوں میں زندگی معمول پر آگئی ہے۔ چیئرمین ہلال ِاحمر جناب ابرار الحق نے عوام سے ویکسی نیشن لگوانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ویکسی نیشن کیلئے اب تمام تر سہولیات فراہم کردی ہیں، انہوں نے عوام الناس سے کہا کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں تاکہ اِس وباء کو شکست دی جاسکے۔

اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ اقدام سے متعلق ابرار الحق کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر اشتراک کا مقصد اِس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر شہری ویکسی نیشن لگوائے تاکہ اِس وباء کو شکست دے کر قیمتی جانیں بچائی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے رضا کار، طبّی عملہ روزِ اوّل سے اِس جدوجہد میں شریک ہیں، حکومتی اقدامات کو تقویت دینے کیلئے دِن رات کام کررہے ہیں، کورونا وباء کے خلاف قومی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہورہی ہیں۔ ابرار الحق نے کہا کہ ہلال ِاحمر کورونا کیئر ہسپتال میں لوگوں کو مفت علاج معالجہ کی سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں۔ وباء سے متاثرہ سینکڑوں افراد شفا یاب ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: سندھ: اسکول اور دکان کھولنے کیلئے کورونا ویکسین لازمی قرار

کورونا کیئر ہسپتال کو ماس ویکسی نیشن سنٹر کا درجہ ملنا بھی ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ حکومت جانب سے اب تک ہزاروں رجسٹرڈ افراد ویکسین لگوا چکے ہیں اِس وباء کے مکمل خاتمے تک ہلالِ احمر پاکستان اپنی خدمات جاری رکھے گا۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *