سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال میں استعمال شدہ سامان ٹینڈر کے بغیر فروخت

کارچی: (رپورٹ : بابر علی اعوان ) سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال میں لاکھوں کا استعمال شدہ سرکاری سامان بغیر کسی اشتہار ، ٹینڈر اور کمیٹی کے فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے چند ماہ قبل استعمال شدہ انکیوبیٹرز، ایکسرے مشین، آپریشن تھیٹر ٹیبل، اسٹریچرز، بستر، کرسیاں، ایئر کنڈیشنرز، ریفریجریٹرز اور مختلف مشینوں سمیت لاکھوں کا سامان کباڑیوں کو فروخت کر دیا جبکہ اس کے پیسے بھی سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائے ۔

واضح رہے کہ سرکاری سامان کی فروخت کے لئے اخبارات میں اشتہار دیا جاتا ہے جس کے بعد کمیٹی بنائی جاتی ہے اور کمیٹی کی نگرانی میں ٹینڈر یا بولیوں کے بعد سامان کسی کے حوالے کیا جاتا ہے جس کے پیسے سرکاری خزانے میں جمع کرائے جاتے ہیں لیکن قطر اسپتال میں ایسا نہیں کیا گیا۔

ذرائع کو موصول دستاویزات کے مطابق مزدہ نمبر جے زیڈ 3606 اور سوزوکی نمبر کے یو 7380 سمیت درجن بھر گاڑیوں میں استعمال شدہ سامان اسپتال سے باہر منتقل کیا گیا جس کا وزن القریش کانٹا اورنگی ٹاؤن سے کرایا گیا ۔ موصول تصاویر میں اسپتال کے اسٹیورڈ سعید عرف پپو کو دیکھا جاسکتا ہے جو اپنی نگرانی میں سامان لوڈ کرارہے ہیں ۔

مزید پڑھیں: کراچی، منگھوپیر سے اسٹریٹ کرائم میں مطلوب ملزمان گرفتار

ذرائع نے بتایا کہ اس ساری کاروائی کے پیچھے اسپتال کے اکاؤنٹنٹ عارف ہیں جنہوں نے سامان نہ صرف فروخت کر دیا بلکہ پیسے بھی سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائے ۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اکاؤنٹنٹ عارف عرصہ دراز سے قطر اسپتال کے سیاہ وسفید کے مالک ہیں حالانکہ قوانین کے تحت کوئی اکاؤنٹنٹ ایک اسپتال میں تین سال سے زیادہ تعینات نہیں رہ سکتا۔

باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کورونا کے باعث محکمہ صحت کے اعلی حکام اسپتال کا چیک اینڈ بیلنس نہیں رکھ پا رہے جس کافائدہ اٹھا کر اسپتال انتظامیہ دیدہ دلیری سے عدالتی اور محکمہ جاتی احکامات سمیت رائج طریقہ کار سے ہٹ کر من مانیاں کر رہی ہے ۔ اسپتال میں بدانتظامی اورخرد بردعروج بھی پر ہے لیکن کوئی پوچھ کچھ نہیں ۔

اس ضمن میں اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نوشاد شیخ کاکہنا تھا کہ کوئی استعمال شدہ سامان فروخت نہیں کیا گیابلکہ ان کی مرمت کرائی جارہی ہے ۔

مزید پڑھیں: ہری پور، جیل انتظامیہ کی غفلت کے باعث مفتی کفایت اللہ کی آنکھ ضائع، منتظامین کیخلاف تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان

دوسری جانب اسپتال کے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راشد خانزادہ کا کہنا تھا کہ سامان ضرور فروخت کیا گیا ہے اور کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تاہم اشتہار نہیں دیا جاتا بلکہ کوٹیشن کی گئی ۔

ذرائع کے استفسار پر ڈاکٹر راشد خانزادہ کمیٹی کے اراکین ، کوٹیشن اور پیسے سرکاری خرانے میں جمع کرانے کی تفصیلات فراہم کرنے سے قاصر رہے ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *