مہنگائی قابو سے باہر، اشیائےخوردو نوش کی قیمتوں میں اضافہ باعث تشویش ہے، غفران احمد

کراچی : جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے ناظم خدمت خلق غفران احمد قادری نے کہاکہ حکومت کا مہنگائی پر کوئی کنٹرول نہیں، اشیائے خوردونوش سبزی،دالوں اور گوشت کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ غریب کی مشکلات میں مزید اضافے کا سبب ہے۔ مقامی حکومتوں کی جانب سے مہنگائی کا طوفان روکنے کے کوئی اقدامات نظر نہیں آ رہے،پورے سال اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو تا رہتا ہے،حکمرانوں کا مقصد کسی بھی طرح غریبوں کی جیبوں سے رقم نکلوانا ہے۔

انہوں نے جما عت اہلسنّت شعبہ خدمت خلق کے زیر اہتمام نارتھ کراچی سیکٹر 5B میں سستی سبزی اسٹال کے دورے کے موقع پر کہا کہ ریاستِ مدینہ کی طرزِ حکومت کے دعویداروں نے تبدیلی کے نام پر عوام کی زندگی اجیرن کر کے رکھ دی ہے۔ حکمراں صبر کی تلقین کے ساتھ ہوشربامہنگائی کے ذریعے غریبوں کا خون نچوڑرہے ہیں۔ آئی ایم ایف کی پالیسی پر پیٹرول،بجلی،گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ باعث ِ تشویش ہے۔

مزیدپڑھیں:نااہل حکومت نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے : اسلم غوری

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا دین ایک دوسرے کے دکھ درد کو محسوس کرنے اور دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ اہل خیر افراد کا وجود معاشرے کیلئے خیر کا با عث ہے،انسانیت کی فلاح و بہبود اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے جدو جہد کرنا دین اسلام کی روح ہے۔

اس موقع پر جما عت اہلسنّت ضلع سینٹرل کے شریف احمد خان،علامہ فیصل رشید قادری بھی موجود تھے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *