واٹر بورڈ کی ناقص کارکردگی سے صنعتیں بری طرح متاثر ہورہی ہیں ، وزیر اعلیٰ فوری نوٹس لیں ، کے ڈبلیو اینڈ ایس بی کی کارکردگی صفر ہے ، اصلاحات کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں .صدر کاٹی کا مطالبہ
صدر کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری شیخ عمر ریحان نے کہا ہے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی انتہائی ناقص کارکردگی سے صنعتیں بری طرح متاثر ہورہی ہیں جس کا براہ راست اثر ملکی معیشت پر پڑ رہا ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ فوری نوٹس لیں۔
انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ کی کارکردگی صفر ہے جس کے باعث بزنس کمیونٹی کو شدید مسائل کا سامنا ہے اور صنعتکاروں میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران کورنگی صنعتی علاقے کی 80شکایات کے لیے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن ایم ڈی واٹر بورڈ نے جواب دینے کی بھی زحمت گوارا نہیں کی، لہذا واٹر بورڈ کا قبلہ درست کرنے کے لئے کوئی بڑا فیصلہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر صنعتی علاقوں کے مسائل حل کیے ہیں جس کے لیے ان کے شکر گزار ہیں اور ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ واٹر بورڈ سے متعلق اب کوئی بڑا فیصلہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل بھی اگر حل نہیں ہوسکیں گے تو ملکی معیشت کا استحکام کیسے ممکن ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ پانی جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی اور اس کی نکاسی میں موجودہ انتظامیہ بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور صنعتوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی زندگی بھی عذاب ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کی ناقص کارکردگی کے باعث شہر میں گندہ پانی جمع ہو
جاتا ہے جس کے باعث سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہیں، جس کے سبب شہر کا امیج بری طرح متاثر ہورہا ہے۔
شیخ عمر ریحان نے وزیراعلیٰ سے واٹر بورڈ کی ناقص کارکردگی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کورنگی صنعتی علاقے کے مسائل حل کروانے کا مطالبہ کیا.