کلبھوشن کی رہائی کا بل منظور کرنا سراسر ملک دشمنی ہے، ڈاکٹر اشرف جلالی

لاہور : تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں انسانوں کے قاتل کلبھوشن کی رہائی کا بل منظور کرنا سراسر ملک دشمنی ہے۔ بھارت کے سلامتی کونسل میں جانے سے کوئی قیامت نہیں آ جائے گی۔ اسمبلی سے کلبھوشن کی رہائی کے لیے قانون سازی سمجھ سے بالا تر ہے۔ جیسے کل بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو چھوڑنا غیر شرعی اورغیر آئینی تھا، ایسے آج کلبھوشن کی رہائی کا بل بھی غیر شرعی اور غیر آئینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقدس ایوان میں بلوچستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کوچلانے والے کلبھوشن کے بارے میں قانون سازی سے بلوچستان میں دہشت گردی کی نظرہونے والے ہزاروں سولین اورسیکورٹی فورسزکے شہداء کے ورثاء کے زخم ہرے ہو گئے ہیں۔ کلبھوشن کے مسئلے پر بھارت کے سلامتی کونسل میں جانے کے ڈرسے کلبھوشن کی پہلے ہی رہائی بھارت کے ناپاک عزائم کے لیے رکاوٹ نہیں، بلکہ اس کے ناپاک عزائم کے لیے راستہ ہموارکرناہے۔ کلبھوشن کی رہائی عوامی جذبات کوکچلنے کے مترادف ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ المیہ یہ ہے کہ حکومت محصورکشمیریوں کے ریلیف کے لیے توکچھ نہیں کر سکی مگر قاتل بھارتی جاسوس کے لیے سر توڑ کوشش کی جارہی ہے۔ کلبھوشن کی پھانسی آئینی حکم اورعوام کی آوازہے۔ حکومت کلبھوشن کورہاکرنے سے بازرہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *