خدا کا شکر ہے، یہ مشکل وقت تھا گزر گیا، جہانگیر ترین

جہانگیر ترین

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیرترین اور ان کے بیٹے علی ترین کے خلاف منی لانڈرنگ اور کارپوریٹ فراڈ کیس نمٹادیا۔ 

پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکیل کی جانب سے منی لانڈرنگ اور کارپوریٹ فراڈ کیس میں درخواست ضمانت واپس لینے کے بعد عدالت نے درخواستیں نمٹادیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق منی لانڈرنگ اور کارپوریٹ فراڈ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین اور علی ترین عبوری ضمانت مکمل ہونے پر آج لاہور کی سیشن عدالت میں پیش ہوئے۔

جہانگیرترین اور ان کے بیٹے علی ترین ارکان اسمبلی کے ہمراہ سیشن عدالت میں آئے اور ایڈیشنل سیشن جج کے روبرو پیش ہوئے۔

جہانگیر ترین کی درخواست ضمانت پر سماعت میں وکیل جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم منی لانڈرنگ اورکارپوریٹ فراڈ کیس میں درخواست ضمانت واپس لے رہے ہیں۔

کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) کے تفتیشی افسر کا بیان قلمبند کیا گیا، افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کی ضرورت نہیں ہے، ہم ریکارڈ کا جائزہ لے رہے ہیں، اس مرحلے پر گرفتاری درکار نہیں ہے۔

کیس کی سماعت کے دوران وکیل جہانگیر ترین نے عدالت کو بتایا کہ اکاؤنٹ میں پیسے کہاں سے اور کیسے آئے سب تفصیل ہے، وکیل نے کہا کہ کمپنی شئیر ہولڈر کی اجازت سے کام کرتی ہے، یہ کیس ایف آئی اے کے دائرہ اختیار میں نہیں تھا، بلکہ کیس ایس ای سی پی کا تھا۔

ایف آئی اے نے عدالت میں کہا کہ ہم بنیادی حقوق پر یقین رکھتے ہیں، جہانگیر ترین اورعلی ترین کی اس کیس میں گرفتاری کی ضرورت نہیں ہے۔

اس پر وکیل جہانگیر ترین نے کہاکہ گرفتاری کی ضرورت ہو تو ایف آئی اے پہلے مطلع کرے،ایف آئی اے افسر نے کہاکہ اگر کوئی کارروائی کرنا ہو گی تو مطلع کر دیں گے۔

جہانگیرترین،علی ترین نے بینکنگ کورٹ کیس میں بھی درخواست ضمانت واپس لے لی جس کے بعد عدالت نے درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پرنمٹا دی۔

اس موقع پر عدالت میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ان پر مشکل وقت تھا جو اب گزر گیا ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *