” ھ “ اور ” ہ “ میں فرق

ھ اور ہ میں فرق

تحریر: محمد نعیم


” ھاں “ اور ” ہاں “ کیا دونوں درست ہیں؟ اِسی طرح ” ہم “ اور ” ھم “ میں کیا فرق ہے ؟؟؟

جان لیجیے! اُردو میں دو چشمی ” ھ “ جسے ( ہاے مخلوط کہتے ہیں ) کا استعمال دو حروف تہجی بنانے کے لیے ہوتا ہے ۔ مثلاً :

بھ ، پھ ، تھ ، ٹھ ، جھ ، چھ ، دھ ، ڈھ ، گھ ، اور لھ وغیرہ ـ

بعض جگہوں پر خوب صورتی یا کسی اور وجہ سے لوگ ابتدا میں ” ھ “ کا استعمال کرتے ہیں مثلاً : ” ھم “ ، ” ھماری “ اور ” ھاں “ وغیرہ ـ

مگر یہ استعمال درست نہیں ہے ـ اولاً اس لیے کہ اردو میں ” ھ “ ابتدا میں کبھی آ ہی نہیں سکتا ـ کیوں کہ یہ صورت عربی سے آئی ہے ـ

یہاں ذوق کا ایک شعر اہلِ ذوق کی نذر کرتا ہوں :

ہائے رے حسرتِ دیدار ، مِری ” ہاے ” کو بھی

لکھتے ہیں ہاے دو چشمی سے ، کتابت والے

ثانیاً دو چشمی ” ھ “ کی اکیلی مستقل آواز نہیں ہے بلکہ اسے کسی دوسرے حرف کے ساتھ ملا کر لکھا اور پڑھا جاتا ہے ، دو چشمی ” ھ “ اردو میں ہندی زبان سے اخذ کی گئی ہے اور یہ صرف چند حروف کے ساتھ ہی آسکتی ہے ، اردو کے تمام حروف تہجی کے ساتھ نہیں آسکتی مثلاً :

بھ ، پھ ، تھ ، ٹھ ، جھ ، چھ ، دھ ، ڈھ ، گھ ، اور لھ وغیرہ۔

اس کے علاوہ باقی حروف کے ساتھ دوچشمی ” ھ “ نہیں آتی ، جب کہ ” ہ “ کی الگ مستقل آواز ہوتی ہے ـ

ذیل میں دوچشمی ” ھ “ یعنی ہاے مخلوط اور ” ہ “ یعنی ہاے ملفوظ کے چند جملے لکھے جارہے ہیں ، انھیں پڑھ کر ہمارے قارئین کو اندازہ ہوجائے گا کہ ان دونوں کے پڑھنے میں کیا فرق ہے اور اُردو زبان میں یہ دو مختلف ھ/ہ الگ الگ کیوں رائج ہیں اور ان کی اہمیت کس قدر ہے ـ

دیکھیے : لفظ ” بھاتے اور بہاتے ” پہلے میں ہاے مخلوط اور دوسرے میں ہاے ملفوظ ہے ـــــ اب ان دونوں کا ایک ایک جملہ ملاحظہ کیجیے :

ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال : ننھے مُنے بچے مَن کو بھاتے ہیں

ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال : لاپروا لوگ پانی زیادہ بہاتے ہیں

دیکھیے : لفظ ” پھاڑ اور پہاڑ “

ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال : بچے نے کاپی کا صفحہ پھاڑ دیا

ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال : پہاڑ پر چڑھنا ایک مشکل کام ہے

دیکھیے : لفظ ” تھ اور تَہ “

ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال : دنیا کا ایک مُلک تھائی لینڈ بھی ہے

ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال : ایک تِہائی کام ہو گیا ہے دو تِہائی باقی ہے

دیکھیے : لفظ ” ٹھ اور ٹہ “

ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال : آج کل اُن دونوں کی آپس میں ٹھنی ہوئی ہے

 ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال : درخت کی ٹہنی پر بلبل نغمہ سرا ہے

دیکھیے : لفظ ” جھ اور جہ “

ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال : قرض کے بار نے بوجھل کر دیا ہے

ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال : بوجہل کو محبوب ﷺ دکھائے نہیں جاتے

دیکھیے : لفظ ” چھ اور چہ “

 ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال :قربانی کے جانور کے لیے چھرا تیز کرو

ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال :خوش خبری سُن کر اُس کا چہرا کِھل اُٹھا

دیکھیے : لفظ ” دھ اور دہ “

ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال: صبح صبح میرا دھندا ( کاروبار ) خراب نہ کرو

 ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال :مذہبِ اہلِ سنت ہی نجات دہندہ ہے اسے مضبوطی سے تھام لو

دیکھیے : لفظ ” کھ اور کہ “

 ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال : میرا قلم کہیں کھو گیا ہے

ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال :اب کہو کہاں جانے کا ارادہ ہے ؟

دیکھیے : لفظ ” گھ اور گہ “

ہاے مخلوط ” ھ “ کے ساتھ مثال : جنگلات میں گھنے درخت ہوتے ہیں

 ہاے ملفوظ ” ہ “ کے ساتھ مثال : اُس نے اپنی شادی پر گہنے اور دیگر زیورات پہنے تھے

واٹس ایپ کے ایک گروپ سے ماخوذ

میری مزید پوسٹیں دیکھنے کے لیے وال ملاحظہ فرمائیں۔ پسند آئیں تو ایڈ یا فالو کر لیں۔ شکریہ

محمد_نعیم

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *