ہفتہ, جون 10, 2023
ہفتہ, جون 10, 2023
- Advertisment -

رپورٹر کی مزید خبریں

اہم خبریںکراچی کیلئے 100 ملین گیلن پانی کی فراہمی کا منصوبہ جلد شروع...

کراچی کیلئے 100 ملین گیلن پانی کی فراہمی کا منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا ،

رپورٹ : اختر شیخ

وزیربلدیات سندھ وچیئرمین واٹربورڈ سید ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے تعاون سے واٹربورڈ کے شہریوں کو اضافی پانی کی فراہمی کے منصوبہ 100 ایم جی ڈی کا افتتاح جلد کیا جائے گا ، حکومت سندھ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات اور ان کے کراچی کے باشندوں سے کئے گئے وعدہ کوپورا کرنے کیلئے کراچی کو پانی کی فراہمی کی مختلف اسکیمیں شروع کی ہیں،واٹربورڈ کی نجکاری کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور نہ ہی کے فور منصوبہ کو بند کیا جارہا ہے یہ صرف افواہیں اور سندھ حکومت کے خلاف سازش ہیں ۔

خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینٹر شہزاد میمن ،ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان اور دیگر کے ساتھ واٹربورڈ کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کراچی کو اضافی پانی کی فراہمی کے جاری منصوبہ کے معائنہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ کا 100 ایم جی ڈی پروجیکٹ کراچی کو پانی کی فراہمی کا اہم منصوبہ ہے ۔

اس کی ٹیسٹ ٹرانسمیشن شروع ہوچکی ہے ، بہت جلد اس منصوبہ کا افتتاح کردیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت دھابیجی کے پرانے اور قدیم پمپس کی جگہ نئے پمپس سے پانی کی فراہمی سے کراچی میں قلت آب میں کمی آئے گی، ڈیزل اور گیس سے چلنے والے پمپس جن کی استعداد کار وقت گزرنے کے ساتھ کم ہوگئی تھی اور وہ 100 ایم جی ڈی یومیہ کی جگہ صرف 60 سے 65 ملین گیلن پانی فراہم کررہے تھے ان کی جگہ نئے پمپس نصب کیئے گئے ہیں جن سے کراچی کو فراہم کیئے جانے والے پانی میں40 سے 45 ملین گیلن یومیہ اضافہ ہوگا۔

اس اضافہ سے جن علاقوں میں پانی کی شدید قلت تھی ان کے مکینوں کوفائدہ پہنچے گا ، انہوں نے کہا کہ کراچی کو پانی کی فراہمی میں بہتری پیپلز پارٹی کے منشور میں شامل ہے ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کراچی کے شہریوں سے پانی کی فراہمی کا وعدہ بھی کیا تھا اس سلسلے میں حکومت سندھ کے کئی منصوبہ جاری ہیں ، حب سے کراچی کو پانی کی فراہمی میں بہتری واضافہ اورہالیجی سے پانی کی فراہمی کا منصوبہ شامل ہے ، جبکہ کے فور منصوبہ پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ کے فور کو بند کیا جارہا ہے ، انہوں نے کہا کہ کے فورکے فیز ون کو ہرصورت مکمل کیا جائے گا اس کے علاوہ ہم ڈی سیلینیشن کی طرف بھی جارہے ہیں ، سیوریج واٹرکی ٹریٹمنٹ کے منصوبہ پر بھی کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ بعض عناصر سندھ حکومت کے خلاف سازش کے طور پر واٹربورڈ کی نجکاری کی افواہیں پھیلارہے ہیں ۔

میں واضح طور پر اعلان کرتا ہوں کہ واٹربورڈ کی نجکاری نہیں کی جائے گی یہ جس طرح کام کررہا ہے ویسے ہی کام کرتا رہے گا ،قبل ازیں ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے صوبائی وزیروچیئرمین واٹربورڈ ناصر حسین شاہ اور وزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینٹرشہزاد میمن کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ واٹربورڈ پانی کی کمیابی اور دیگر مسائل کے باوجود شہریوں کو سال کے 365 دن پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی سہولیا ت فراہم کررہا ہے ۔

انہوں نے صوبائی وزیر کو 100ایم جی ڈی منصوبہ کے مختلف حصوں سمیت دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تمام فیزز کا مکمل دررہ کرایا اور جاری کام کی بابت آگاہی فراہم کی ، ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ واٹربورڈ کو شہر کی طلب سے کہیں کم پانی دستیاب ہے حکومت سندھ خصوصاً وزیراعلیٰ سندھ کی ذاتی دلچسپی ، رہنمائی اور تعاون سے کراچی کے کونے کونے تک پانی کی فراہمی کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لارہے ہیں ۔

اس موقع پر100 ایم جی ڈی کے پروجیکٹ کے ڈائریکٹر حسن اعجاز کاظمی ، چیف انجینئر ظفر پلیجو ، انتخاب راجپوت ، پروجیکٹ منیجر خرم شہزاد ،سپرنٹنڈنگ انجینئر لعل محمد سموں ، آرای دھابیجی بدرالحق شیخ ، چیئرمین واٹربورڈ کے اسٹاف آفیسر نعمت اللہ مہر ،ایم ڈی واٹربورڈ کے اسٹاف آفیسر موہن لعل اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا