کراچی بین الاقوامی کتب میلے کا آغاز5 دسمبر سے ایکسپو سینٹر میں ہو گا ،

رپورٹ : اختر شیخ

پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت پندرہواں سالانہ کراچی بین الاقوامی کتب میلے کا جمعرات 5 دسمبر سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہو گا ، جو 9 دسمبر تک جاری رہے گا ، کتب میلے کا افتتاح وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کریں گے جبکہ افتتاحی تقریب میں سیاسی و ادبی سمیت اہم شخصیات شریک ہوں گی۔

کتب میلے میں اس سال 330 سے زائد اسٹال لگائے جا رہے ہیں، عالمی کتب میلے میں 17 ممالک کے تقریباً 40 ادارے حصہ لے رہے ہیں جب کہ پاکستان بھر سے 136 نامور پبلشرز بھی اپنے اسٹال لگائیں گے ۔ رواں برس 4 لاکھ سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے ۔ کتب میلے میں نا صرف پاکستان بھر سے بلکہ ترکی، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے پبلشنگ ادارے حصہ لیتے ہیں پہلے دن سے عوامی داخلہ کے اوقات کار صبح 10 بجے سے لے کر رات 9 بجے تک ہوں گے ۔

کتب میلہ تمام پبلشرز، ڈسٹربیوٹرز، ملکی و غیرملکی پبلشرز، لائبریرینز اور صارفین کو ایک پلیٹ فارم پر لاتا ہے ۔ کنوینر کے۔ آئی۔ بی۔ ایف وقار متین نے منگل کو پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد ، ڈپٹی کنوینر نا صر حسین ، ندیم مظہر، ایم۔ اقبال غازیانی، اقبال صالح محمد، ندیم اختر، کامران نورانی، اور سلیم عبدالحسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال ہونے والا یہ عالمی میلہ پاکستان بھر کے لاکھوں طلبہ، والدین، ادبی و تدریسی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی خاص توجہ کا مرکز رہا ہے جن کی وجہ سے یہ کتب میلہ اپنی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھ سکا ہے اور ہر سال ریکارڈ توڑ تعداد میں لوگ اس میں شرکت کرتے ہیں۔

پریس کانفریس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد نے کہا کہ اس طرح کے کتب میلے اب صرف عا م میلوں کی حیثیت رکھتے ہیںاور نہ ہی یہ صرف اور صرف پبلشرز کو ایک سادہ سا پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں بلکہ موجودہ دور میں کے،آئی،بی،ایف جیسے کتب میلے پاکستان کے مثبت پہلوکو اُجاگر کرتے ہیں ۔

عزیز خالد کا کہنا تھا کہ کے،آئی،بی،ایف کا حالیہ ایڈیشن پچھلے تمام ایونٹس کے مقابلے میں منفرد ہو گا ، جس میں ایک عالمی کتب میلے کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارت اور دیگر امور کا تبادلہ بھی کیا جائے گا ۔ چیئرمین پاکستان پبلشرز اینڈ بُک سیلرز ایسو سی ایشن نے اس بات پر زور دیا کرا چی کتب میلے کے انعقاد سے ہم اپنے معاشرے کو اقدار، انسانیت، برادشت اور تہذیب کا درس دیتے ہیں۔

کے،آئی،بی،ایف کا مقصد پاکستانی نوجوان اور طلبہ کو یہ باور کرانا ہے کہ وہ اس آنے والے وقت میں مختلف فنون اور شعبوں میں علم وہنر حاصل کر کے اپنے ملک و قوم کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کریں گے ۔ اس عالمی کتب میلے میں ایک محتاط اندازے کے مطابق چار لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے .مزید برآں اس میں مختلف کتابوں کی رونمائی کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *