حکومت کا آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کا وعدہ

فرخ حبیب

فیصل آباد: وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دے گی، جبکہ نئے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس بھی نہیں لگایا جائے گا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ مسلم لیگ نون ملک کی معیشت کو تباہی کے دھانے پر چھوڑ کر گئی، جن کا لوٹا پیسہ باہر پڑا ہے، انہیں مایوسی پھیلانے کے بجائے سچ بولنا چاہیے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ بلاول صاحب ڈیلی لیکچر دینے کے بجائے سڑکوں پر نکلیں، مافیا کے خلاف کارروائی کریں، بچوں والی حرکتیں چھوڑ دیں۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں بین الاقوامی سطح پر 40 فیصد اضافہ ہوا ہے، بلاول کو ان کے مشیر پرچی پر جو لکھ کر دیتے ہیں وہی بول دیتے ہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر گھی کی قیمتوں میں 124 فیصد اضافہ ہوا ہے، پاکستان خوردنی تیل درآمد کرتا ہے،خوردنی تیل کی قیمت میں بین الاقوامی سطح پر 77 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ درآمد کی جانے والی اشیاء پر بین الاقوامی سطح کا اثر کیوں نہیں آئے گا؟خوردنی تیل مہنگا ہونے کے اثرات مقامی طور پر مرتب ہو رہے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم فوڈ سیکورٹی پر کام کر رہے ہیں، انہیں تو کووڈ کا چیلنج بھی ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں 45 فیصد بجلی امپورٹڈ فیول سے پیدا کی جارہی ہے،پچھلے ماہ حکومت نے 8 ارب کا بوجھ برداشت کیا، ہم نےقوم کے 770 ارب روپے بچائے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سال کاشت کاروں کو 1100 ارب اضافی ملے ہیں۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *