آئی سی سی کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ امارات منتقل کرنے کا عندیہ

آئی سی سی

دبئی: آئی سی سی نے رواں سال ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھارت سے یو اے ای منتقل کرنے کا عندیہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ کا گذشتہ روز ورچوئل اجلاس ہوا جس میں 2024 سے 2031 تک کے عالمی ایونٹس کی منظوری مل گئی۔

آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی20 دونوں مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی کو دوبارہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

مینز ون ڈے ورلڈ کپ میں 2027 سے 10 کے بجائے 14 ٹیمیں شریک ہوں گی اور مجموعی طور پر 54 میچز کھیلے جائیں گے، یہ میگا ایونٹس 2027 اور 2031 میں شیڈول ہیں، اسی طرح ٹی 20 ورلڈ کپ اگلے دورانیے میں 2024، 2026، 2028 اور 2030 میں کھیلا جائے گا، ان میں 16 کے بجائے 20 ٹیمیں شریک اور مجموعی طور پر ایک ایونٹ میں 55 میچز ہوں گے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز 2025، 2027، 2029 اور 2031 میں ہوں گے۔ 2023 کا مینز ون ڈے ورلڈ کپ 10 ٹیموں کے فارمیٹ میں گا تاہم اس کے بعد سے 14 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ کی ٹاپ 3 ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی، جس کے بعد سیمی فائنلز اور فائنل کھیلے جائیں گے، یہی فارمیٹ 2003 کے ورلڈ کپ میں استعمال ہوا تھا۔

دوسری جانب آئی سی سی نے ورلڈ کپ مینجمنٹ کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو متحدہ عرب امارات میں کرانے کی تیاری پر توجہ دیں ، ساتھ میں ایک اور خلیجی ملک کو شامل کرنے کا آپشن بھی رکھا جائے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *