پبلک ٹرانسپورٹ پر ہفتہ وار بین الصوبائی پابندی ختم کی جائے، اسماعیل نیازی

اسماعیل نیازی

ڈیرہ اسماعیل خان : کرونا وائرس کی حقیقت سے انکار ممکن نہیں لیکن پبلک آمدورفت بھی ضروری ہے، ملک کے دیگر شعبوں کی طرح ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی حکومت نرمی کا مظاہرہ کرے اور ایس او پیز کے دائرہ کار میں بین الصوبائی آمدورفت کی مکمل اجازت دی جائے کیونکہ ہفتے میں دو دن بین الصوبائی پابندی سے عام عوام، ملازم پیشہ افراد اور کاروباری حضرات کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہفتے میں دو دن بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بندش سے مسافروں خصوصا” مریضوں اور ضروری کاموں کی انجام دہی کے لیے اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئیٹہ اور دیگر شہروں کو جانے والوں کی مشکلات دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔

حاجی اسماعیل خان نیازی نے کہا کہ عوام کیساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ مالکان ، ڈرائیور حضرات، کنڈیکٹرز اور بس اڈوں سے وابستہ افراد دو دن چھٹی کی وجہ سے پریشان ہیں کیونکہ اس پرآشوب دور میں روزافزوں مہنگائی سے دیہاڑی دار طبقہ شدید متاثر ہورہا ہے لہذا میری وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ، وزیراعلی کے پی کے محمودخان اور وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور سے اپیل ہے کہ ہفتے میں دو دن بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بندش کی پابندی کو ہٹایا جایے تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *