موسم کی بہتر اور تیز رفتار پیش گوئی کیلئے کراچی میں جدید ڈوپلر ریڈار فعال

کراچی (رپورٹ : اختر نواز ) موسم کی بہتر اور تیز رفتار پیش گوئی کیلیے کراچی میں جدید ڈوپلر ریڈار فعال کر دیا گیا ہے ۔

تیس برس قبل کراچی شہر میں نصب کیے گئے اینالاگ ریڈار کی جگہ یہ جدید ڈیجیٹل ریڈار نصب کیا گیا ہے ۔ کراچی شہر میں نصب ہونے والا جدید ترین ڈوپلر ریڈارفعال کر دیا گیا ہے ۔ جب کہ محکمہ موسمیات نے اپنی ویب سائٹ پر اس ریڈار کا لنک بھی جاری کر دیا ہے، اس ڈیجیٹل ریڈار کے ذریعے 450 کلو میٹر کے دائرے میں بارشوں کی، جب کہ 200 کلو میٹر کے دائرے میں تیز ہواؤں کی پیش گوئی ممکن ہو گی ۔

ڈوپلر ریڈار کی بدولت بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے اٹھنے والے سمندری طوفانوں کی بروقت اطلاع کے علاوہ ہوائی جہازوں اور بحری جہازوں کو بھی موسمیاتی معلومات کی تیز رفتار ترسیل ممکن ہو جائے گی۔ جدید ڈوپلر ریڈار پر ایک ارب 58 کروڑ روپے لاگت آئی ہے ۔

مذید پڑھیں :چیئرمین NAB کی 300 انکوائریز کی تفتیش اور 200 ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

تفصیلات کے مطابق شہرمیں لگ بھگ 30 سال بعد پرانے ریڈار کی جگہ نصب کیا جانے والے جدید ڈوپلر ریڈار فعال کر دیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر اس ریڈار کا لنک جاری کر دیا ہے ۔

جائیکا، جاپان کے تعاون سے نصب ہونے والے اس ریڈار پر ایک ارب 58 کروڑروپے لاگت آئی ہے۔ نصب ہونے والا جدید اور ڈیجیٹل ڈوپلر ریڈار 1991 سے نصب شدہ اینالاگ ریڈار کے مقابلے میں کئی گنا تیزی سے موسمیاتی حالات کا پتا دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

ڈوپلر ریڈار کو پچھلے سال مون سون بارشوں سے قبل آپریشنل کیا جانا تھا تاہم کووڈ 19 کی وجہ سے دنیا بھر میں پیدا ہونے والی صورت حال کی وجہ سے لگ بھگ ایک سال کی تاخیر ہوئی ۔

ڈائریکٹر و ترجمان محکمہ موسمیات سردارسرفراز کے مطابق نیا ڈوپلرسی بینڈ ریڈار ہے جس کا طول موج (ویو لینتھ) سابقہ ریڈار کے مقابلے میں دگنا اور تقریباً 10 سینٹی میٹر ہے۔ آسان لفظوں میں کہا جاسکتا ہے کہ پرانے ریڈار کے مقابلے میں اس کی موسمیاتی پیش گوئی کی استعداد دگنی ہے ۔

مذید پڑھیں :ڈٰی آئی خان: چیف ایگزیکٹوکنٹونمنٹ بورڈ ملک فیصل وٹو کی عوامی خدمات قابل تعریف ہے،اسماعیل خان نیازی

ان کا کہنا ہے تھا کہ ڈوپلر ریڈار کے ذریعے کراچی کے چاروں اطراف 450 کلومیٹر پر محیط رقبے میں مختصرالمیعاد موسمیاتی پیش گوئی (شارٹ ٹرم ویدر فورکاسٹ) ممکن ہوسکے گی جبکہ شہر کی جانب بڑھنے والے بادلوں اور طوفانِ باد و باراں سمیت، دیگرغیرمعمولی موسمیاتی سرگرمیوں کا مشاہدہ بیک وقت مشرق، مغرب، شمال اور جنوب، چاروں سمتوں سے کیا جاسکے گا۔

علاوہ ازیں، جدید نظام کے ذریعے ’’فوری پیش گوئی‘‘ (ناؤ کاسٹنگ) کے تحت 2 سے 6 گھنٹے کی مختصر مدتی موسمیاتی پیش گوئی میں ملی میٹر یا سینٹی میٹر پیمانے تک ممکنہ بارش کے بارے میں بھی قبل از وقت بتایا جا سکے گا۔ کراچی میں جدید ڈوپلر ریڈار کی بدولت ٹاؤن پلاننگ میں آسانی ہوگی اور بارش کے پانی کے اخراج کے لیے پیش بندی کو ممکن بنایا جا سکے گا۔ اگر کوئی سسٹم شہر کے قرب و جوار سے گزر رہا ہو گا تو اس کی بارشوں کی شدت کا اندازہ بھی ہو سکے گا ۔

سردار سرفراز کے مطابق، یہ ڈوپلر ریڈار کسی بھی طوفان، بارش، ہوا یا کسی غیر معمولی موسمیاتی پیش گوئی کے علاوہ ایوی ایشن (ہوا بازی) کے لیے بھی بہت زیادہ معاون ثابت ہوگا کیونکہ عام طور پر ونڈ شیئر (wind shear) کے دوران آسمان صاف دکھائی دیتا ہے مگر بالائی سطح پر دومختلف سمتوں کی تند و تیز ہوائیں چل رہی ہوتی ہیں جو فضاؤں میں محو پرواز جہازوں کے لیے اکثر و بیشتر مشکلات کا سبب بن جاتی ہیں۔

مذید پڑھیں :نیوکراچی یوسی10 سیکٹر5 ایف بلاک53 میں غیر قانونی واٹر لائن کا انکشاف

محکمہ موسمیات کے مطابق، اس ریڈار سے ہوا بازی اور سمندر میں بحری جہازوں کو تیز تر موسمیاتی معلومات فراہم کی جا سکیں گی ۔ پروازوں اور بحری جہازوں کو خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے گا، بین الاقوامی شپنگ اور بحری جہازوں کی ٹریفک کے پیش گوئی نظام میں بہتری آئے گی، طوفان، بارش، گرم ترین موسم اور دیگر قدرتی آفات کی صورت میں تیز ترین آگاہی ممکن ہو گی۔

کھلے سمندر میں 200 کلومیٹر کے رقبے میں شکار کرنے والے ماہی گیروں کو موسمیاتی صورت حال سے تیزی کے ساتھ آگاہ کیا جا سکے گا، بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے اٹھنے والے سمندری طوفانوں کی بروقت اطلاع ممکن ہو گی ۔ بلوچستان اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں مقیم آبادیوں کو درست پیش گوئی اور انتباہ سے متعلق آگاہی دی جا سکے گی اور پاکستان میں قدرتی آفات کے باعث جانی و مالی نقصانات کم کیے جا سکیں گے ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *