انجمن غیر تدریسی ملازمین نے جامعہ کی بہتری کی امیدیں نئے سینیٹرز سے وابستہ کر لیں .

رپورٹ : اختر شیخ

وفاقی اردو یونیورسٹی ( گلشن اقبال کیمپس) کی انجمن غیر تدریسی ملازمین کے صدرعدنان اختر اورجنرل سیکریٹری محمد ریحان،(عبدالحق کیمپس) کی انجمن غیر تدریسی ملازمین کے صدر اکبر خان اور جنرل سیکریٹری فضل ندیم نے اپنے مشترکہ بیان میں طویل مدت بعد جامعہ کی سینیٹ میں 6 نئے اراکین کی نامزدگی پر انہیں مبارک باد پیش کی ہے .

اساتذہ نمائندوں کی نامزدگی کو جامعہ کے مستقبل کے لیے خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مطالبہ کیا ہے کہ جامعہ اردو کو مزید انتظامی بحران سے بچانے کیلئے فوری طور پر قائم مقام وائس چانسلر کا تقرر کیا جائے ۔ انجمن غیر تدریسی ملازمین ( گلشن ا قبال کیمپس) کے صدر عدنان اختر اور اکبر خان سمیت دیگر ذمہ داروں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب اراکین سینیٹ جامعہ اردو کی بہتری کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے اور ناانصافیوں کا خاتمہ کریں گے۔

انہوں نے ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صفوں میں ہر صورت اتحاد برقرار رکھیں اور جامعہ کی تعمیر و ترقی میں بھر پور کردار ادا کریں ۔ ان کا کہنا تھا کہ گو کہ غیر تدریسی ملازمین کی انجمن کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے مگر ہم اپنے اتحاد اور باہمی روابط کو مضبوط بنا کر منفی پروپیگنڈے کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔

وہ دن دور نہیں جب ملازمین کو ان کے بنیادی حقوق میں ضرور ملیں گے ۔ انہوں نے جامعہ اردو کے چانسلر صدر مملکت عارف علوی سے اپیل کی کہ وہ جامعہ میں فوری طور پر مروجہ قواعد و ضوابط کے مطابق قائم مقام وائس چانسلر کا تقرر کریں ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *