یہ اہل کتاب بھی ایک کنبہ ہیں اور کمال کا کنبہ

تحریر : سید عزیز الرحمن

یہ اہل کتاب بھی ایک کنبہ ہیں،اور کمال کا کنبہ۔ خدا سلامت رکھے۔ ہمیں چند ماہ پیشتر فیس بک سے پتہ چلا کہ سر سید علیہ الرحمہ کی خطبات احمدیہ کا دہلی سے محقق ایڈیشن شائع ہوا ہے، ہم نے مولانا عبد المتین منیری سے بہ ذریعہ وہاٹس اپ رابطہ کیا، کرونائی صورت حال کے باوجود مولانا کی عنایتوں سے یہ کتاب دلی سے چلی اور کئی ایک منازل طے کرتی ہوئی چند روز پیشتر ہمیں ہم دست ہو گئی ۔ الحمدللہ۔

مولانا سے ہمارا تعلق صرف واٹس اپ پر ہے، یہ تعلق بھی مولانا نے ہی قائم فرمایا ۔ انہوں نے ہمیں کہیں سے تلاش کیا اور یوں ہمارا رابطہ ہو سکا۔ اگرچہ میں بھٹکلیز ڈاٹ کام کے حوالے سے ان سے متعارف تھا اور غالبا سب سے پہلے ان کا نام اور تعارف میں نے مخدوم من ڈاکٹر محمود احمد غازی رحمہ اللہ سے سنا تھا۔ ایک ایسی دنیا میں جہاں پڑھے لکھے بھی اور دینی حوالوں سے متعلق لوگ بھی ایک دوسرے کے کام آنے سے گریز کرتے ہیں اور ایک دوسرے پر تکیہ کرنا، کسی کی بات کو سمجھنا، خاص طور پر کسی خالص علمی سرگرمی میں معاونت کرنا، کسی کتاب کا نام، کسی حوالے کی تفصیل، کسی ماخذ کی نشان دہی سب کچھ ماضی بن چکا، جو تاریخ کے صفحات میں تو بڑا روشن ہے، مگر اب زمین پر اس کے اثرات تلاش کرنا جوئے شیر لانے سے بھی زیادہ دشوار ہے ۔

مذید پڑھیں :جمیعت علماء ہند کے امیر مولانا عثمان منصور پوری انتقال کر گئے

یہ کتاب سر سید کی خطبات احمدیہ ہے، جو اپنے بہت سے مندرجات، اور قابل بحث بیانات کے باوجود اردو سیرت نگاری میں متعدد اولیات کی حامل ہے۔ مثلا کسی بھی مغربی کتاب سیرت کا یہ پہلا تحقیقی جواب ہے، یہ پہلی کتاب سیرت ہے ، جس میں علمی بنیادوں پر اہل کتاب کے مصادر سے سیرتی مباحث ثابت کیے گئے ہیں، یوں ۔صادر سیرت میں عملی طور پر اس نے اضافہ کیا، نئے موضوعات بیان سیرت کا حصہ بنے ، وغیرہ۔ یہ نسخہ کوثر فاطمہ کی تحقیق سے منظر عام پر آیا ہے، اور اسے ملی پبلی کیشنز دہلی نے نہایت اہتمام اور سلیقے سے شائع کیا ہے ۔

اس اشاعت کی بنیاد کتاب کے نسخہ اول پر رکھی گئی ہے اور متنی تدوین کے لیے تمام موجود اشاعتوں کو پیش نظر رکھا گیا ہے ۔ اس اعتبار سے یہ نسخہ اب تک کا مستند ترین ایڈیشن دیا جا سکتا ہے ۔

البتہ یہ نسخہ ابھی توجہ مانگتا ہے،خاص طور پر پر متن میں موجود تمام حوالوں کو از سر نو دیکھنے اور نئے اسلوب میں مرتب اور مدون کرنے کی ضرورت ہے، یعنی تمام اقتباسات اور حوالوں کی ازسر نو مراجعت کی جائے ، ان کے مکمل حوالے اور ان سے متعلق ضروری حواشی فٹ نوٹ میں درج کیے جائیں ۔ وغیرہ

کرنے کے کام جاری رہیں گے، دیکھیے کون مزید مرد میدان اس کام کا بیڑا اٹھاتا ہے ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *