کیسبٹ (KASBIT) کا نواں سالانہ کانووکیشن کی پروقار تقریب ، 640 طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔
اول آنے والے طلبہ کو گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا ۔ کانووکیشن کی یہ پروقار تقریب ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوئی ، جس میں انسٹی ٹیوٹ سے فارغ التحصیل ہونے والے 640 طلباء و طالبات کو اسناد تقسیم کی گئیں ۔ بیچلرڈگری میں بی کام کے 223 ، بی بی اے کے 117 اور ماسٹر ڈگری ، ایم ایس اور ایم فل کے 98 طلبا ء وطالبات کامیاب طلبہ نے اسناد حاصل کیں ۔
بہترین تعلیمی کار کردگی پرانسٹیٹیوٹ کے 6 پروگرام میں 6 طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا ۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی ، مشہور مزاح نگار، دانشور اور آرٹسٹ انور مقصود تھے ، جبکہ وویمن ایمپاورمنٹ کی سی ای او یاسمین مہمان خصوصی تھیں۔
اس موقع پرانور مقصود نے والدین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں مہمان خصوصی قرار دیا ،جو اِن مشکل حالات کے باوجود اپنی اولاد کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ سچ کے راستہ پر چلیں اور سچ کے راستہ کو اپنائیں کیونکہ جھوٹ کا راستہ بہت چھوٹا اورعارضی ہوتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیسبٹ کے چانسلر عارف علی شاہ بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان تعلیم کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا اور تعلیم ہی انسانی شعور کو دوام بخشتا ہے ،اس لئے ضروری ہے کہ جو تعلیم حاصل کی ہے اِس پرعمل بھی کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے وہ اپنی صلاحیتوں کو پہنچانیں اور ان کو استعمال کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔
چیئرمین KASB گروپ ناصر علی شاہ کا کہنا تھا کہ طلبہ کو ڈگری کا حصول مقدم نہیں ہونا چاہیئے بلکہ ایک اچھا انسان بھی بننا لازمی ہے ۔ طلبہ کو چاہیئے کہ معاشرے کی ترقی میں مثبت کردارادا کریں ۔ یاسمین حیدر کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک میں سمجھا جاتا ہے کہ پاکستان میں قوانین پرسختی کی جاتی ہے اور انہیں آگے بڑھنے نہیں دیا جاتا اِس تاثر کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بھی طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں شکر کی عادت ڈالیں۔