رپورٹ: صفدر ملک
کسٹم پریوینٹیو کے شعبہ تفتیش نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے جانے والی کنسائمنٹ سے کروڑوں روپے مالیت کا قیمتی کپڑا تبدیل کرنے کے مرکزی کردار کو گرفتار کرلیا .
بونڈڈ کئیر ئیر کمپنی کے ذریعے افغانستان جانے والی کنسائمنٹ سے کوئٹہ میں خلاف ضابطہ نئے قیمتی کپڑے کو استعمال شدہ کپڑے کی کنسائمنٹ میں تبدیل کیا گیا تھا ،بونڈڈ کئیرئیر کمپنی کے گرفتار ڈائریکٹر سے تفتیش شروع کردی گئی۔
کسٹم ذرائع کے مطابق ماڈل کسٹم کلکٹریٹ پریوینٹیو کے شعبہ انوسٹی گیشن اینڈ پروسیکوشن نے مقدمے کی تفتیش کے دوران بونڈڈ کئیر ئیر کمپنی میسرز ای موورز کے ڈائریکٹر تنویر کو گرفتار کرلیا ہے ۔کسٹم ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزم افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے افغانستان جانے والے کنٹینرز سے کروڑوں روپے مالیت کا قیمتی کپڑا غائب کرانے میں ملوث ہے جس کی نشاندہی اس مقدمے میں پہلے سے گرفتار ملزم بسم اللہ خان نے کی تھی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بونڈڈ کئیر ئیر کمپنیوں کو ماڈل کسٹم کلکٹریٹ اپریزمنٹ ویسٹ کی جانب سے لائسنس کا اجراءہوتا ہے اور ان کمپنیوں کی زمہ دارویوں میں شامل ہے کہ اسی کنسائمنٹ جو سی پورٹ سے ڈرائی پورٹ کے لئے ہو یا افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے افغانستان منتقل کی جانا ہو وہ اپنے مقام سے پہلے نہ ہی روکی جاسکتی ہے اور نہ ہی اس کنسائمنٹ کی سیل کو توڑ کر اس کنسائمنٹ سے سامان نکالا جاسکتا ہے ۔
کسٹم ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر بونڈڈ کئیر کمپنیاں اس کاروبار میں ملوث ہیں اور ماضی میں سی پورٹ سے منتقل ہونے والی کنسائمنٹ سے سیل کوتوڑ کر سامان غائب کرنے میں ملوث رہی ہیں لیکن اس کے باوجود ایسی بونڈ ڈ کئیر ئیر کمپنیوں کا نہ ہی لائنس منسوخ کیا گیا اور نہ ہی ایسی کمپنیوں میں خلاف ضابطہ کام کرنے والوں کے خلاف کسٹم حکام نے کوئی کارروائی کی ہو تاہم ماڈل کسٹم کلکٹریٹ پریوینٹیو نے گزشتہ ہفتے میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل سے افغانستان منتقل ہونے والے کنٹینر کو کوئٹہ میں ایک گودام میں خالی ہونے پر قیمتی کپڑے کو استعمال شدہ کپڑے کی کنسائمنٹ سے تبدیل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے اور گرفتار ملزم سے تفتیش شروع کردی ہے ۔