پاکستان میں نمازِ عید کے روح پرور اجتماعات کا انعقاد ، فلسطین کیلئے خصوصی دعائیں

اسلام آباد : ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے ، نماز عید کے روح پرور اجتماعات میں امت مسلمہ ، پاکستان ، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ، اسلام آباد ، لاہور ، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ، پاکستان کی سلامتی ، مقبوضہ کشمیر، فلسطین سمیت ملک کی ترقی و خوش حالی اور کورونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔

عید الفطر کے موقع پر تمام شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ کراچی کے مختلف مقامات پر نماز عید کےا جتماعات ہوئے ۔

مزید پڑھیں :ریاست ایک روزہ کھا گئی ، قضا لازم ہے : مفتی منیب الرحمن

کراچی میں ناظم آباد عیدگاہ گرائونڈ میں مفتی تقی عثمانی اور فیڈرل بی ایریا ٹی گرائونڈ میں مفتی منیب الرحمن نے نماز عید کے بڑے اجتماعات کی امامت کی اور خصوصی دعائی مانگی گئیں ۔

راولپنڈی میں لیاقت باغ میں نماز عیدالفطر کا بڑا اجتماع منعقد ہوا ، بادشاہی مسجد لاہور میں عید الفطر کی نماز کے لئے بڑا مجمع تھا ، گورنر پنجاب چوہدری سرور نے نماز عید بادشاہی مسجد میں ادا کی ۔ لاہور کے جامعہ نعیمیہ میں بھی نماز عید کا اجتماع ہوا جہاں پر مفتی راغب نعیمی نے نماز عید پڑھائی ۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں کا اپنے مرحومین کی قبروں پر حاضری کے لئے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

مزید پڑھیں :زبردستی عید پڑھواتے ہوئے امام بھاگ نکلا

وزیر اعظم عمران خان نے عیدالفطر پر اہل وطن اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد دی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ قوم سے درخواست ہے عید پر کورونا ایس او پیز پر عمل کریں، احتیاط دین کا حکم اور سنت رسول صلی ﷲ علیہ وسلم بھی ہے۔

دوسری جانب قائد حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے قوم سے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیےخصوصی دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے عید پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔

مولانا فضل الرحمن نے عید کے موقع پر کہا ہے کہ اسرائیل فلطسین پر بمباری کر رہا ہے اور مسجد اقصی پر ظلم و بربریت کر رہا ہے ، عالمی برادری اس پر توجہ دے ، پاکستان کے جعلی حکمرانوں نے ریاست مدینہ کا دعوی کیا مگر ریاست مدینہ کا حشر نشر کر کے رکھ دیا ہے ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عید پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ ہم اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کے لیے عید پر دعا گو ہیں، کورونا وائرس اور کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے عوام روایتی خوشیوں سے محروم ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ عید سادگی سے منائیں ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *