نا اہل حکمرانوں نےملک کو ناکام مشقوں کا تجربہ گاہ بنا رکھا ہے : مولانا عبدالغفور حیدری

مولانا عبدالغفور

کراچی : جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہیکہ حکمرانوں کی غیر سنجیدگی اور نااہلی کی وجہ سے ملک دوراہے پر آچکا ہے ، ہوشربا مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔

وطن عزیز حکمرانوں کی سنگین غلطیوں کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا ۔ سیاسی جماعتوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ملک بچانا چاہتے ہیں یا کسی فرد کی ناکامیوں کی داستان رقم کرنا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں جے یوآئی بزنس فورم سندھ کے وائس چیئرمین بابر قمر عالم کی رہائشگاہ پر افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جے یو آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد اسلم غوری، صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد، ڈاکٹر نصیرالدین سواتی، بزنس فورم کے صدر امین اللہ ، مولانا فتح اللہ ، سمیع الحق سواتی ، مولانا نورالحق ، مولانا احسان اللہ ٹکروی، مولانا عبد الرشید نعمانی ، حافظ ربنواز چاچڑ ، مولانا عظیم اللہ عثمان، حافظ عبدالمالک بروہی ، مولانا عطاء الحق عابد، محمد نسیم حجازی، مولانا طارق شامزئی، مولانا یوسف عالم ودیگر بھی موجود تھے ۔

مذید پڑھیں :ضمانت کے فوری بعد شہباز شریف کے حق میں ایک اور بڑا فیصلہ

سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ مقتدر حلقوں کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئے ، حالیہ ضمنی الیکشن کے نتائج عوامی غیض و غضب کا مظاہرہ ہیں ، موجودہ حکمرانوں کو اقتدار فراہم کرنے والے بھی اب ان سے بیزار آ چکے ہیں ، عوام نے حالیہ ضمنی الیکشن میں تسلسل سے فیصلہ دے دیا ہے کہ یہ نااہل عوامی نمائندگی کے اہل نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں نے ملک کو عالمی مالیاتی اداروں کی کالونی بناکر رکھ دیا ہے۔ بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مالیاتی اداروں کی شرائط پوری کرنے کیلئے بڑھائی گئیں۔ آٹا ، چینی ، دالوں اور دیگر خوردنی اشیاء کی قیمتیں عوام کی دسترس سے دور ہوتی جا رہی ہیں ، یہی وجہ ہیکہ ملک میں بیروزگاری اور لاقانونیت عروج پر ہے ، موجودہ حکومت نے تہیہ کر رکھا ہے کہ عوام کو سکھ کا سانس لینے نہیں دیں گے ۔

مذید پڑھیں :فواد چوہدری نے شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت ملنا قانون کے ساتھ مذاق قرار دیدیا

جے یو آئی کے مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری نے کہ عیدالفطر کے بعد مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک نئی قوت کیساتھ ابھر کر سامنے آئے گی، ہم موجودہ حکومت کو ملک کیساتھ مزید کھیلواڑ کی اجازت کسی صورت نہیں دیں گے۔

حالیہ ضمنی الیکشن میں بلی تھیلے سے باہر آ چکی ہے ، صاف واضح ہو چکا کہ پی ٹی آئی کی جھولی میں ڈالا گیا ۔ عوامی نہیں جعلی مینڈیٹ تھا حکومت اخلاقی جرآت کا مظاہرہ کرے اور عوام کی جان چھوڑ کر فی الفور مستعفی ہو جائے ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *