پی پی 84 خوشاب: اپنی نشست پر دوبارہ ن لیگ ہی کامیاب، پی ٹی آئی کو شکست

ملک معظم کلو

خوشاب: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ایک اور ضمنی معرکہ سر کرلیا، اس مرتبہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 خوشاب کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ نے کامیابی سمیٹی۔

یہ نشست ن لیگ کے ہی ملک وارث کلو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر لیگی ٹکٹ پر ان ہی کے بیٹے ملک معظم کلو نے دوبارہ الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج ہونے والے انتخاب کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق ن لیگ کے ملک معظم کلو نے 73081 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی۔

انھوں نے تقریباً 1 ہزار سے زائد ووٹ کے مارجن سے حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار علی حسین بلوچ کو شکست دی جنھوں نے 62 ہزار 903 ووٹ حاصل کیے۔

ان کی جیت پر پارٹی صدر شہباز شریف نے انھیں مبارکباد دی اور کہا کہ عوام نے آٹا چینی چوروں کو مسترد کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الحمداللّٰہ! یہ عوام کی طرف سے اس خدمت کا بھی اعتراف ہے جو مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں کی تھی اور یہ ووٹ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا ووٹ ہے۔

پارٹی کی نائب صدر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہر شہر میں عوام نے نواز شریف کی فتح کا اعلان کردیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر صوبے سے نواز شریف کے بیانیہ کی تائید عوام کے حق حکمرانی کی فتح ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *