آئی پی ایل؛ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے 2 کھلاڑی کورونا کا شکار، میچ ملتوی

آئی پی ایل

نئی دلی: انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی نشاندہی کے بعد آج کا میچ ملتوی کردیا گیا ہے۔

بھارت میں روزانہ کی بنیاد پر 3 لاکھ سے زائد کورونا کے کیسز ریکارڈ ہورہے ہیں اور آج ایک غیرملکی سفیر کی بھی کورونا سے ہلاکت ہوئی لیکن اس کے باوجود انڈین پریمیئر لیگ کی انتظامیہ ڈھٹائی کے ساتھ ایونٹ کو منسوخ کرنے کے بجائے جاری رکھی ہوئی ہیں اور غیرملکی کھلاڑی بھی ڈالر کی چمک میں اندھے ہوکر اپنی جان کی پروا کیے بغیر آئی پی ایل کھیلنے میں مصروف ہیں۔

کھیلوں کی ویب سائٹ ‘کرک بز’ کے مطابق آئی پی ایل میں آج کلکتہ نائٹ رائڈرز اور رائل چیلنجر بنگلور کے درمیان ہونے والا میچ ری شیڈول کردیا گیا ہے جس کی اصل وجہ ’کے کے آر‘ کے کھلاڑیوں کا کورونا وائرس میں مبتلا ہونا ہے۔

رپورٹس کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈر کے ورون چکرورتی اور سندیپ وارئر کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو اس وقت کورونا ہوا جب وہ انجری کے باعث میڈیکل چیک اپ کے لیے باہر گئے تھے۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لیے فوری طورپر چارٹرڈ فلائیٹ کے انتظام سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ فوری طورپر ایسے انتظامات ممکن نہیں جس سے کھلاڑیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے واپس لایا جاسکے تاہم بھارتی حکومت سے رابطے میں ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کےچیف نے کہا کہ یہ کھلاڑی اپنی مرضی سےآئی پی ایل کھیلنے گئے ہیں،یہ اس وقت قومی ڈیوٹی پر نہیں، بھارت کرکٹ بورڈ سے بات چیت ہوئی ہے،انہوں نے واضح کیا ہےکہ میچز کے لیے بہترین بائیو سکیور ببل کے انتظامات ہیں۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *