چیئرمین EOBI کی اسامی کیلئے اظہر حمید کے علاوہ 3 بریگیڈیئر بھی امیدوار

اسلام آباد : ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی ) کےچیئرمین کی تقرری کے لئے امیدواروں کے انٹرویو مکمل کر لئے گئے انٹرویو گزشتہ روز اسلام آباد میں لئے گئے ہیں ۔

ای او بی آئی کے چیئرمین کے امیداواروں میں سابق چیئرمین ریٹائرڈ افسر اظہر حمید ولد حمید خان ، بریگیڈیئر (ر) زاہد نواز منن ولد محمد نواز منن ، رحمت عباد خان ولد اسداللہ خان ، بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد افضل سلیمی ولد چوہدری عبدالستار سلیمی ، عمر اسد ملک ولد محمد سعید ملک اور بریگیڈیئر ریٹائرڈ سعید احمد ولد محمد اصغر شامل تھے ۔

انٹرویو اسلام آباد میں واقع وزارت انسانی وسائل و سمندر پار پاکستانی کے دفتر کے پانچویں فلور پر بی بلاک کمیٹی روم میں منعقد ہوا ، وزارت سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کے سیکرٹری ڈاکٹر ہاشم پوپلزئی اس انٹرویو پینل کے سیکرٹری کی حیثیت سے موجود تھے ۔ معلوم رہے کہ ڈاکٹر ہاشم پوپلزئی تین روز بعد ریٹائرڈ ہو جائیں گے ۔ رولز کے مطابق انہیں ایک ماہ تک کوئی بھی پالیسی سے متعلق کام نہیں کرنا تھا ۔

مذید پڑھیں :زلفی بخاری کے چہیتے اظہر حمید کھوکھر کو چیئرمین EOBI تعینات کرنے کا فیصلہ

اس کے علاوہ انٹرویو پینل میں آئی بی اے کراچی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر عشرت حسین اور جوائنٹ سیکرٹری آلہ رشید شامل تھے ۔

ای او بی آئی کے سابق ریٹائرڈ چیئرمین اظہر حمید کھوکھر کراچی سے اسلام آباد پہنچے جن کو ای او بی آئی کی سرکاری گاڑی وائٹ ہونڈر سوکس GU-992 لینے کے لئے ایئر پورٹ آئی تھی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی جانب سے خلاف ضابطہ طور پر یہ طے کر لیا گیا ہے کہ اظہر حمید کھوکھر کو ہی چیئرمین لایا جانا ہے ۔ دو یا تین اخبارات میں اشتہار دینے کے بجائے ایک اخبار میں چیئرمین کی اسامی کا اشتہار دیا گیا تھا ۔ جس میں عمر 45 سے 62 کے بجائے 55 سے 62 سال دی گئی تھی ۔ انٹرویو کے لئے لیٹر جاری کرنے کے بجائے وٹس ایپ میسجز کر دیئے گئے تھے ۔

 

 

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *