پی ایس ایل 6 ؛ بقیہ میچز کیلیے غیر ملکی کھلاڑیوں کا ری پلیسمنٹ ڈرافٹ مکمل

پی ایس ایل 6

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے لیے ری پلیسمنٹ ڈرافٹ میں متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل کرلیا گیا۔

پی ایس ایل 6 کو مارچ کے پہلے ہفتے میں کورونا کیسز بڑھنے کی وجہ سے روک دیا گیا تھا اور اب جون میں دوبارہ مقابلے شروع ہونے پر ہر ممکن احتیاط برتنے کی کوشش کی جائے گی جب کہ بہتر انتظامات کیلیے مکمل ہوٹل بک کرانے کے ساتھ ایک غیر ملکی کمپنی کی خدمات بھی لی گئی ہیں۔

دوسری جانب جون میں شروع ہونے والے مقابلوں کے لیے آئی پی ایل اور قومی ذمہ داریوں کی وجہ سے کئی ٹیموں کو اسٹار کرکٹرز دستیاب نہیں، اس صورتحال میں ری پلیسمنٹ ڈرافٹ کا فیصلہ کیا گیا۔

آن لائن ڈرافٹ میں لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں بنگلا دیش کے شکیب الحسن کو شامل کرلیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل، کراچی کنگز نے نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل، اسلام آباد یونائٹیڈ نے آسٹریلیا کے عثمان خواجہ جب کہ ملتان سلطانز نے بنگلا دیش کے محمود اللہ کو پک کرلیا۔

آسٹریلوی کرکٹرز جیمز فولکنر، جو برنس اورکیلم فرگوسن بھی لاہور قلندرز کا حصہ بن گئے ہیں جب کہ سیکوگے پرسانا کو بھی لاہور قلندرز نے سپلیمنٹری کیٹیگری میں پک کرلیا ہے۔

سری لنکا کے تھسارا پریرا کو کراچی کنگز کے اسکواڈ نے ڈاینمنڈ کیٹیگری میں پک کیا جب کہ جارج لنڈے ملتان سلطانز میں شامل کیے گئے ہیں۔ ری پلیسمنٹ ڈرافٹ میں پک ہونے والے پلیئرز ساتویں ایڈیشن میں ٹیم کو براہ راست دستیاب نہیں ہوں گے۔

پی ایس ایل کے بقیہ میچز یکم جون سے کراچی میں کھیلے جائیں گے ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *