اختر شیخ :
جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ کا کراچی سے آغاز ہوگیا ہے ، کراچی میں آزادی مارچ کارواں میں شرکت کیلئےاضلاع کی سطح پرجے یو آئی کے قافلے سہراب گوٹھ پہنچے ، جہاں پر جلسے کا انعقاد بھی کیا گیا ، جس میں جے یوآئی کے ہزاروں کارکنان شریک تھے۔
جلسے میں پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی ،وزیر محنت سعید غنی ،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سندھ ذوالفقار قائمخانی ،لیاقت علی آسکانی ،لالہ عبدالرحیم ، مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق گورنر سندھ محمد زبیر ،سید نہال ہاشمی ،علی اکبر گجر ،شاہ محمد شاہ اور خواتین کا واحد قافلہ پروین بشیر کی قیادت میں آیا تھا .عوامی نیشل پارٹی سندھ رہنما شاہی سید ،یونس بونیری ،جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما علامہ اویس نورانی صدیقی ،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما اشرف قریشی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں و کارکنان نے بھی شرکت کی تھی .
جلسے سے امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمٰن، پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رضا ربانی مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر و دیگر نے خطاب کیا۔ جلسے کے بعد مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں آزادی مارچ کراچی سے اندرون سندھ روانہ ہوگیا ، آزادی مارچ کاروان کی نگرانی صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو کررہے ہیں .آزادی مارچ کا اگلا پڑاؤ ھٹڑی بائی پاس حیدرآباد پر ہوگا۔ جس کے بعد آزادی مارچ اپنے اگلے اسٹیشن سکرنڈ نواب شاہ پر رکے گا ۔
جہاں سے آزادی مارچ سکھر کیلئے روانہ ہوگا اورمارچ کے شرکاء رات سکھر میں قیام کریں گے . مارچ کے شرکاء کیلئے ۔قیام و طعام جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے ہوگا۔ آزادی مارچ کاروان 28 اکتوبر پیر کی صبح 11 سکھر سے نکلے گا ۔آزادی مارچ کاروان براستہ پنوعاقل ، گھوٹکی ، اوباڑو سے پنجاب میں داخل ہوگا۔ جہاں سے اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کی جائے گی اور 31 اکتوبر کو آزادی مارچ اسلام آباد میں داخل ہوگا۔