ٹویٹر ایک مختصر تعارف

تحریر : علی عبد اللہ

ایسے تمام لوگ جنہوں نے ٹویٹر کبھی استعمال نہیں کیا انہیں ٹویٹر استعمال کرنے کو کہا جائے تو ان کا جواب ہوتا ہے کہ ہمیں اسکی سمجھ نہیں آتی لہذا فیس بک ہی اچھی – اور جب انہیں کوئی کہتا ہے کہ ٹویٹر کا استعمال سیکھ لو تو وہ کہتے ہیں کوئی ٹویٹر کیوں استعمال کرے اسکا کیا فائدہ؟ اسی سوال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک مختصر تحریر ٹویٹر اور اسکے سیکھنے والوں کے نام ۔

ٹویٹر ایک مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ہے – ایسے پیغامات جو مختصر الفاظ پر مشتمل ہوں انہیں مائکرو بلاگز کہا جاتا ہے – مائکرو بلاگنگ سوشل میڈیا نیٹ ورک کا بہترین فیچر ہے جہاں آپ اپنے سٹیٹس وغیرہ اپڈیٹ کرتے ہیں، لیکن مائکروبلاگنگ ٹویٹر کے ذریعے اپنے عروج کو پہنچتی ہے کیونکہ فیس بک کی طرح ٹویٹر طویل تحاریر کو سپورٹ نہ کرتے ہوئے مائکرو بلاگز کی حوصلہ افزائی کرتا ہے ۔ درحقیقت مائکرو بلاگنگ آپکے حلقہ احباب کو آپکی مصروفیات اور سرگرمیوں کے بارے جانکاری دیتا ہے ۔ لیکن اس جانکاری کی آڑ میں ہر کوئی یہ پسند نہیں کرتا کہ انہیں رنگوں سے بھرپور سجی دھجی اور لفاظی کے مکھن میں چپڑی ہوئی تحریر پڑھنے یا لکھنے کو گھنٹہ دو گھنٹے صرف کرنا پڑیں- کبھی کبھار آپ نے صرف اتنا ہی بتانا ہوتا ہے کہ فلاں دن اہم میٹنگ ہے اور اس میں ہمارے ساتھ فلاں شخصیت بھی ہو گی ۔

تو اس مختصر وقت بچاؤ ترکیب کے لیے ٹویٹر سے بہترین پلیٹ فارم کوئی نہیں ہے ۔ اس کے ذریعے بنا وقت ضائع کیے اور مختلف تھیم اور رنگوں کو منتخب کرنے کی بجائے سیدھا اپنا مدعا بیان کیا جاتا ہے اور بس ۔ اسی بنا پر صحافی، میڈیا چینلز، سیلیبریٹیز اور دیگر لوگ اور ادارے مائکروبلاگنگ کے اس پلیٹ فارم کو استعمال کرنا پسند کرتے ہیں ۔

مذید پڑھیں :ایک دوسرے کو قبول کرنا ضروری ہے

سی این این، بی بی سی، فاکس نیوز اور دیگر کئی مشہور نیوز ایجنسیاں ٹویٹر کے ذریعے ہی پوری دنیا تک تازہ ترین معلومات پہنچاتی ہیں – ٹویٹر اپنے مختصر الفاظ کی سہولت کے باعث تیز ترین اور مؤثر ترین ذریعہ ابلاغ ہے جو غیر ضروری تمہید سے نجات دے کر براہ راست اصل مدعا بیان کرنے کو اہمیت دیتا ہے ۔

مختصر یہ کہ ٹویٹر مختلف لوگوں کے لیے مختلف رخ رکھتا ہے – فیملی اور فرینڈز کے ساتھ رابطے میں رہنا ہو یا کسی کمپنی کا اپنے ملازمین سے رابطہ، میڈیا کا دنیا بھر کو اطلاع دینا ہو یا کسی لکھاری اور مصنف کا اپنے فینز کے ساتھ رابطہ رکھنا ہو ٹویٹر ایک مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے – ٹویٹر مائکرو بلاگنگ،سوشل میسیجنگ، ایونٹ کوارڈینیٹر، بزنس ٹول، نیوز رپورٹنگ سروس اور مارکیٹنگ سمیت کئی دیگر اہم سرگرمیوں کا منفرد نام ہے ۔

لہذا ایسے تمام لوگ جو وقت کےضیاع سے بچنا چاہتے ہوں اور ٹو دا پوائنٹ اپڈیٹس کی تلاش میں ہوں تو ان کے لیے ٹویٹر ایک لاجواب سروس ہے جسے سیکھنا نہایت آسان ہے اور ہر عام و خاص اسے کم وقت میں سیکھ سکتا ہے ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *