کراچی : آباد کے تعاون سے تعمیر ماڈل پولیس اسٹیشن فیروز آباد کا افتتاح

کراچی : ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز ( آباد) کے تعاون سے تعمیر کیے گئے ایسٹ زون میں پہلے ماڈل پولیس اسٹیشن فیروز آباد کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔ کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے افتتاح کیا ۔

افتتاحی تقریب میں آباد کے چیئرمین فیاض الیاس، وائس چیئرمین عارف شیخانی،سدرن ریجن کے چیئرمین دانش بن رؤف ، سابق چیئرمین محمد حسن بخشی، سابق سینئر وائس چیئرمین انور او کے، آباد کی لا اینڈ آرڈر پر سب کمیٹی کے کنوینر اور آباد سدرن ریجن کے سابق چیئرمین آصف سم سم، آباد کے سابق سینئر وائس چیئرمین سہیل ورند اور آباد کے ممبران اور پولیس افسران کی بڑی تعداد بھی شریک تھی ۔

اس موقع پر چیئرمین آباد فیاض الیاس نے کہا آباد تعمیراتی شعبے کی ترقی کے ساتھ ساتھ اپنی سماجی ذمے داریاں بھی احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے ۔ آباد کی جانب سے ماڈل پولیس اسٹیشن فیروز آباد کی تعمیر بھی سماجی ذمے داریوں میں سے ایک ہے۔

مذید پڑھیں :حافظ سعد رضوی کی رہائی کیوں نہ ہو سکی ؟

فیاض الیاس نے کہا کہ کراچی جیسے میگا سٹی میں امن وامان کی فضا قائم رکھنے میں محکمہ پولیس نے بڑی قربانیاں دی ہیں ، کراچی کے شہریوں کے تحفظ کے لیے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے پولیس کے جوانوں نے اپنی زندگی کے نذرانے دیئے ہیں ۔ تاہم یہ افسوس ناک امر ہے کہ دہشت گردی سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کراچی پولیس مناسب ٹیکنالوجی اور تھانوں کی بہترین عمارتوں سے محروم ہے ۔

اسی سلسلے میں آباد نے ماڈل پولیس اسٹیشن کے قیام میں بھر پور تعاون کیا ۔ انھوں نے کہا کہ آباد مستقبل میں بھی اپنی ذمے داریاں ادا کرتی رہے گی۔ اس موقع پر کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے کہا کہ ماڈل پولیس اسٹیشن کے قیام کا مقصد عوام کو ایک بہتر ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ محکمہ پولیس کی جانب سے ایک اچھا تاثر بھی پیش کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دستیاب وسائل میں شہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔کراچی پولیس چیف نے ماڈل پولیس اسٹیشن فیروز آباد کی تعمیر میں بھرپور کردار ادا کرنے پر آباد سے تشکر کا اظہار کیا ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *