پاکستان نے جنوبی افریقا کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دیدی، سیریز بھی اپنے نام کرلی

پاکستان

پاکستان نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر 4 میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی۔

پاکستان نے پہلے میچ میں جنوبی افریقا شکست دے دوچار کیا تھا تاہم دوسرے میچ میں میزبان ٹیم نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے پاکستان کو ہرا دیا تھا لیکن تیسرے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے 204 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو شکست دی تھی۔

آخری ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی بولرز نے اچھی بولنگ کی خاص طور پر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے فہیم اشرف نے 3 وکٹیں حاصل کیں جس کی بدولت جنوبی افریقا آخری اوور میں 144 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ حسن علی نے 3، حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقا کی جانب سے وان ڈار ڈاسن 52 اور یانیمن ملان 33 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ سیریز کے کامیاب بلے باز ایڈن مارکرم صرف 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

جواب میں قومی ٹیم نے محمد رضوان کی صورت میں پہلے ہی اوور میں وکٹ گنوادیں تاہم فخرزمان نے حریف بولرز کا بھرپور لاٹھی چارج کرتے ہوئے 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور بابراعظم نے بھی 24 رنز بنائے جس کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوگئی۔

حیدر علی، آصف علی، فہیم اشرف، محمد حفیظ سب ناکام ثابت ہوئے تاہم محمد نواز نے 25 رنز کی اننگز کھیل کر ایک گیند قبل بمشکل پاکستان کو جیت سے ہمکنار کروایا۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *