کراچی: سیکرٹری بلدیات سندھ نجم احمد شاہ سے KMC ہیلتھ کئیر امپلائز کے وفد کی ملاقات

کراچی : سیکرٹری بلدیات سندھ سید نجم احمد شاہ سے کے ایم سی ہیلتھ کئیر امپلائز کے وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں ہاوس آفیسرز، نرسنگ اسٹاف، پیرا میڈیکس اور پوسٹ گریجوٹس موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ سید نجم احمد شاہ کا شرکا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کارونا کرائسز اور فرائض منصبی کی ادائیگی کرنے والے تمام ہیلتھ ورکرز، نرسنگ و پیرا میڈیکل اسٹاف مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کئے بنا انسانی زندگیوں کے تحفظ کا مقدس فریضہ سر انجام دیا ہے اور حکومت سندھ ان تمام قربانیوں کا کھلے دل سے اعتراف کرتی ہے۔

نجم احمد شاہ کے مطابق اساتذہ و ڈاکٹرز کسی بھی مہذب معاشرے کا آئینہ و روشن چہرہ ہوا کرتے ہیں جو کہ اپنی ذات کو فنا کرکے معاشرے کو نئی جلا بخشتے ہیں۔ ہمیں اس بات پرفخر ہے کہ سندھ کے قابل و لائق ڈاکٹرز نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سے کہا کہ کرونا کرائسز کے دوران ڈیوٹی سر انجام دینے والے ہیلتھ اسٹاف کو کووڈ الاوئنس دینے کے لئے خصوصی پالیسی ترتیب دی جائے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ نے ہدایت دی کہ غیر پیشہ ورانہ اسٹاف کو ذمہ داریاں دینے سے گریز کیا جائے اور اسپتالوں میں الیکٹرانک حاضری کا سسٹم رائج کیا جائے۔

غیر متعلقہ اور مشکوک افراد کا داخلہ سختی کے ساتھ ممنوع قرار دیا جائے اور مریضوں کی سہولت کی خاطر اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔ نجم احمد شاہ نے حکم دیا کہ سی سی ٹی کیمروں کی تنصیب اور مانیٹرنگ کے ذریعے اسپتالوں کی سرویلنس کا نظام محفوظ و موثر بنایا جائے۔

وفد کے شرکا کی جانب سے پیش کی جانے والی گزارشات کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ پوسٹ گریجوٹ الاوئنس ڈاکٹرز کا حق ہے جو کہ بالضرور ان کو ملنا چاہئے۔ ایڈمنسٹریڑ کراچی نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود کے ایم سی کی انتظامیہ ہیلتھ اسٹاف کو ہر ممکن طریقے سے سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

وفد کے شرکا نے سیکرٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ سے ملاقات کے وقت دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور صوبے کی بہتری کے لئے ان کی مخلصانہ کاوشوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *