رمضان المبارک رحمتوں برکتوں اور نعمتون کی بہار لیکر آتا ہے : قاری عثمان

کراچی : جمعیت علماء اسلام پاکستان کے رہنما قاری محمد عثمان نے کہا کہ رمضان المبارک اپنے دامن میں رحمتوں برکتوں اور نعمتون کی بہار لیکر آتا ہے ۔ ماہ مبارک میں فرائض 70 گنا اور نوافل فرائض کے برابر کر دیئے جاتے ہیں ۔

اہل خیر حضرات حسب معمول ماہ مبارک میں دینی مدارس اور بے سہارا لوگوں کی دل کھول کر مدد کریں۔ اہل اسلام کے نام پیغام رمضان میں قاری محمد عثمان نے کہا کہ امت مسلمہ کے ہر فرد کیلئے ضروری ہے کہ تعلیمات نبویﷺ پر مکمل عمل کرتے ہوئے ماہ مبارک کے نیک اعمال کے ذریعہ دعوت اسلام کو عام انسان تک پہنچا کر اپنے دینی فریضہ کو کما حقہ سر انجام دیں ۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں تزکیہ نفس ہوتا ہے۔ شہری مساجد کو پانچ وقت کی نمازوں، نفلی عبادات، قرآن کریم کی تلاوت اور شب بیداری سے آباد رکھیں۔ توبہ استغفار اور رجوع اللہ، صدقات سے تمام مشکلات سے نجات ملتی ہے ۔

مذید پڑھیں :صدقہ فطر اور فدیہ کی کم از کم مقدار 140 روپے فی کس مقرر

قاری محمد عثمان نے کہا کہ ماہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت دوسرا مغفرت اور تیسرا عشرہ جھنم سے خلاصی کا ہے۔ ذرہ بھر کی غفلت نقصان کا باعث ہو گی ۔لہذا عامتہ المسلمین رمضان المبارک سے خود بھی مستفید ہوں اور اپنے آس پاس پر بھی توجہ دیں ۔

انہوں نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ رمضان آرڈیننس پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو لوٹنے سے بچایا جاسکے اور روزہ خوروں کا ناطقہ بند کیا جا سکے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *