سیکرٹری بلدیات سے UNDP کے وفد کی ملاقات میں کراچی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ سید نجم احمد شاہ سے ان کے دفتر میں UNDPیونائیٹد نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام کےوفد نے ملاقات کی ہے اور صوبے بالخصوص کراچی کے انفرا اسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں میں حصہ لینے کی گزارش پیش کی ہے۔

اس موقع پر وفد کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات، ہاوئسنگ و ٹاون پلاننگ سندھ سید نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ صوبے کی عوام کی بہبود اور ترقی کے لئے عالمی اداروں کے تعاون سے متعدد منصوبہ جات پر کام کررہی ہے، لہذا ہر نئے منصوبے کے آغاز سے قبل حکومت سندھ اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ کسی بھی ڈویلپمنٹ پروگرام یا ترقیاتی اسکیم کے مکمل ثمرات صوبے کی عوام تک باآسانی پہنچ سکیں۔

مزید پڑھیں: حکومت مارکٹ 8 نہیں 10بجے بند کرنے کا اعلان کرے،آل کراچی انجمن تاجران

یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام کے وفد نے سیکرٹری بلدیات سندھ کو بتایا کہ پاکستان کے دیگر صوبوں میں UNDP صوبائی حکومتوں کے ساتھ مختلف ترقیاتی منصوبہ جات پر کام کررہی ہے اور سندھ میں محکمہ بلدیات سندھ کے ساتھ کام کرنا ان کے لئے باعث اعزاز ثابت ہو گا ۔

انہوں نے نجم احمد شاہ سے درخواست کی کہ کراچی کے ماسٹر پلان کی بہتری اور نالوں پر سے ہٹائے گئے لوگوں کی آبادکاری میں وہ اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں ، اور حکومت سندھ کی دی جانے والی گائیڈ لائنز کے مطابق UNDP کراچی کی ترقی کے سفر میں حصہ دار بننا چاہتی ہے۔

سید نجم احمد شاہ نے شرکا وفد کی جانب سے دی جانے والی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بلدیات سندھ بیک وقت مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہا ، جن میں سے نالوں پر سے تجاوزات کا خاتمہ اور ان پر رہائش پذیر لوگوں کی نئے سرے سے آبادکاری بھی شامل ہے ۔

سیکرٹری بلدیات سندھ نے UNDP کو دعوت دی کہ وہ حکومت سندھ کے زیر اہتمام ہونے والے اقدامات کا بغور جائزہ لیں اور اپنے مشاہدات کی روشنی میں فیصلہ کریں کہ حکومت سندھ کے ترقیاتی منصوبہ جات میں کس انداز میں حصہ لینا چاہیں گے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ نے وفد کے شرکا کی مزید آگاہی اور گراوئنڈ لیول معلومات کے حصول کے لئے ان کو ایم ڈی سالڈ ویسٹ سے ملاقات کا مشورہ بھی دیا۔

مزید پڑھیں: تمام بلدیاتی اداروں سے فرسودہ روایات کا خاتمہ چاہتے ہیں، نجم احمد شاہ

ہمارے نمائندے سے ٹیلی فون لائن پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات سندھ نے بتایا کہ UNDP کے وفد کی جانب سے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں حصہ ڈالنے کی پیشکش خوش آئند ہے مگر ان کی خواہش کہ صوبے کے تمام اضلاع میں تعلقہ و تحصیل لیول تک ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات پہنچیں ۔

لہذا مزید مشاورت و ملاقاتوں کی ضرورت ہے۔ نجم احمد شاہ نے مزید کہا کہ عالمی اداروں کی حکومت سندھ کے ترقیاتی منصوبوں میں دلچسپی اس بات کی دلیل ہے کہ عوام کی خدمت اور فلاحی کاموں میں صوبہ سندھ کا کوئی ثانی نہیں اور آنے والے دنوں میں کراچی کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں ہو گا ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *