کراچی : اسٹاف رپورٹر
ریجنل دعوۃ سینٹر، دعوۃ اکیڈمی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور پرائیویٹ اسکولز اونر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے پانچ اکتوبر ۲۰۱۹ء کو "یوم اساتذہ” کے دن کے موقع پر ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا، پروگرام میں گڈاپ ٹاؤن کے سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کے اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔
پروگرام کے خاص مقرر نامور دانشور، ہمدرد نونہال کے مدیر اور ہمدرد فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر مطبوعات پروفیسرسلیم مغل تھے، انہوں نے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن اساتذہ کی تکریم کا دن ہے۔ ۱۹۹۴ء میں اقوام متحدہ کی جانب سے پانچ اکتوبر کو عالمی سطح پر "یوم اساتذہ” کے دن کے طور پر منایا جانے کا اعلان ہوا، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ اسلام کی تعلیمات تو یہ ہیں کہ طلبہ کے لیے اساتذہ کی عزت اور تکریم کے لیے ہر دن "یوم اساتذہ” کا درجہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی بھی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے پیشے سے مخلص رہیں اور طلبہ کی رہ نمائی کریں اور طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے اساتذہ کی عزت کریں اور ان سے علم سیکھیں۔
پروگرام میں طلبہ نے اردو، سندھی اور انگریزی زبان میں تقریری مقابلے میں حصہ لیا۔ جبکہ طلبہ کے مابین ایک ذہنی مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ اس سے قبل پروگرام میں دعوۃ سینٹر کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد چنا نے دعوۃ اکیڈمی کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ آخر میں کامیاب طلبہ اور شریک اساتذہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے حسن گبول نے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے دعوۃ اکیڈمی کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ خصوصی نشست منعقد کرکے عوۃ اکیڈمی نے ایک اچھا کام کیا ہے۔