گزری میں 18 انچ پانی لائن سے پانی ضائع ہونے لگا

کراچی : گزری انڈر پاس سے گزرنے والے اوور لوڈ ٹرالر نے انڈر پاس کی چھت سے متصل فراہمی آب کی لائن کو نقصان پہنچا دیا، لائن پھٹنے سے انڈر پاس میں پانی جمع ہو گیا جسے فوری طور پر نکال کر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی، لائن کی تبدیلی کا کام تیزی سے جاری ہے جو اتوار اور پیر کی درمیانی شب مکمل کر لیا جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو علی الصبح گزری انڈر پاس سے گزرنے والے اوورلوڈ ٹرالر نے انڈر پاس کی چھت سے متصل فراہمی آب کی 18 انچ قطر کی لائن کو نقصان پہنچا دیا، لائن پھٹنے سے انڈر پاس میں پانی جمع ہو گیا، اطلاع ملنے پر ایم ڈی واٹر بورڈ نے واٹر بورڈ کے چیف انجینئر ڈبلیوٹی ایم ظفر پلیجو، چیف انجینئر سیوریج آفتاب چانڈیو، سیور کلینگ اینڈ ایکوپمنٹ سروسز ورکشاپ کے ایگزیکٹیو انجینئر مظہر حسین اور دیگر انجینئرز و افسران کو عملے و ضروری مشینری سمیت روانہ کر دیا ۔

مذید پڑھیں :سفرِ بلوچستان کا دلچسپ و منفرد احوال : تیسری قسط

واٹر بورڈ کے عملے نے فوری طور پر متاثرہ لائن سے فراہمی آب کو معطل کر دیا جب کہ ثمر پمپس اور واٹر بورڈ کی جدید جیٹنگ مشینوں کے زریعہ انڈر پاس میں جمع ہونے والا پانی فوری طور پر نکال کر انڈر پاس ٹریفک کیلئے کھول دیا، انڈر پاس میں ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کیلئے متاثرہ لائن کی جگہ نئی لائن کی تیاری کا کام دوسری جگہ شروع کر دیا گیا ۔

جب کہ واٹر بورڈ کی ایک ٹیم متاثرہ لائن کو نکالنے کا کام سرانجام دینے لگی، اس دوران واٹر بورڈ کے عملے کو کئی دشواریوں او ر تیکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا،تاہم واٹر بورڈ کے محنت کشوں نے کام کی رفتار متاثر نہیں ہونے دی، ایم ڈی واٹر بورڈ جاری کام کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں، نئی لائن کی تنصیب کے سلسلے میں جام جاری ہے، توقع ہیے کہ لائن کی تبدیلی کا کام اتوار اور پیر کی درمیانی شب مکمل کر لیا جائے گا، اور جلد از جلد پانی کی فراہمی سے متاثرہ علاقوں کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کر دی جائے گی ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *