Home جرائم واپڈا کا 50KV ٹرانسفارمر چوری، شہریوں کا پولیس سے گشت اور ناکہ...

واپڈا کا 50KV ٹرانسفارمر چوری، شہریوں کا پولیس سے گشت اور ناکہ بندی کا مطالبہ

کھلابٹ (قاضی نثار احمد خان): تھانہ کھلابٹ کی حدود میں چونگی نمبر 1 کے قریب رات کے وقت چوری کی واردات پیش آئی، جس میں نامعلوم چوروں کے گروہ نے واپڈا سب ڈویژن کھلابٹ کا لاکھوں روپے مالیت کا 50KV ٹرانسفارمر چوری کر لیا۔ چوروں نے ٹرانسفارمر سے کوائل اور دیگر قیمتی اشیاء نکالنے کے بعد اس کی باڈی کو وہیں پھینک دیا اور فرار ہو گئے۔

واقعے کے بعد تھانہ کھلابٹ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹرانسفارمر چوری کی FIR درج کر لی اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ اس چوری کی واردات نے کھلابٹ کے شہریوں میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے، کیونکہ چونگی نمبر 1 علاقے کا مین انٹری پوائنٹ ہے اور وہاں اس قسم کی دیدہ دلیر واردات کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔

کھلابٹ کے شہریوں نے DPO ہری پور سے رات کے اوقات میں کھلابٹ کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور پولیس گشت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چونگی نمبر 1 سب سے زیادہ مصروف ترین شاہراہ ہونے کے باوجود یہاں اس قسم کی چوری ہونا علاقے میں حفاظتی اقدامات کی کمی کو ظاہر کرتا ہے، جسے فوری طور پر دور کیا جانا ضروری ہے۔

Exit mobile version