اسلام آباد: انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے منشیات فروشی اور منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران تازہ ترین 9 کارروائیوں میں 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ اے این ایف کے ترجمان کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق تازہ کارروائیوں کے دوران 5 کروڑ سے زائد مالیت کی 341.6 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی ۔
ترجمان نے کہا کہ رنگ روڈ پشاور پر دو مختلف کارروائیوں میں 128.400 کلو افیون، 72 کلوچرس اور 1 کلو آئس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ لاہور میں احمد علی روڈ پر ایک کارروائی میں ملزم سے 26.400 کلو چرس اور 7.2 کلو افیون برآمد کر لی گئی ۔ کراچی میں جمالی پل سروس روڈ پر ملزم سے 57.6 کلو چرس برآمد جبکہ اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب ملزم سے 10کلو چرس برآمد کی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دو کارروائیوں میں 2 ملزمان سے 8.4 کلو چرس اور 1.6 کلو گرام آئس برآمد کی گئی اور ایم ون ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک ملزمہ سے 3 کلو چرس اور 1 کلو آئس برآمد ہوئی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔