کرکٹ بورڈ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، وسیم اکرم

وسیم اکرم

قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ بورڈ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا اور ایسی باتیں پھیلانے والے فارغ لوگ ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ کمیٹی کے اہم رکن سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ میں کرکٹ بورڈ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا اور نہ ہی میرے پاس اتنا فارغ وقت ہے کہ میں چیف سلیکٹر کو فون کرکے بتاو کہ کس کو ٹیم میں شامل کرو اور کسے نہیں، یہ سب کچھ سوشل میڈیا پر سنتا رہتا ہوں لیکن ایسی باتیں پھیلانے والے فارغ لوگ ہیں۔

شرجیل خان سے متعلق سوال پر لیجنڈری کرکٹر نے کہا کہ شرجیل خان ایک میچ ونر ہے اور اس نے مجھ سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی فٹنس بہتر کرے گا۔

کرکٹ کمیٹی سے متعلق سوال پر وسیم اکرم نے کہا، کیسی کرکٹ کمیٹی جس کا اجلاس سال میں ایک بار ہوتا ہے۔

جنوبی افریقا کے لیے قومی اسکواڈ کی سلیکشن سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں پر بات کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ میں نے ٹیم سلیکشن کے حوالے سے کافی باتیں سنی لیکن یہ پہلی بارنہیں ، ہر بار کھلاڑیوں کی سلیکشن کو مسئلہ بنایاجاتا ہے تاہم جو کھلاڑی اسکواڈ میں شامل ہو جائے اس کا ایشو نہیں بنتا جو شامل نہ ہو اسے مسئلہ بنا دیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی دورے کے لیے ٹیم منتخب کرنے کے دوران کپتان اور چیف سلیکٹر کے درمیان بحث ہوتی ہے لیکن اس کو مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *