نالو میں تجاوزات کے نام پر نقشے سے زائد کٹنگ بدترین ظلم اور ناانصافی ہے،قاری عثمان

کراچی : جمعیت علماء اسلام پاکستان کے رہنماء قاری محمد عثمان نے کہا کہ عید آباد کالونی، فرنٹیئر کالونی اور اورنگی نالے میں تجاوزات کے نام پر نقشے سے زائد کٹنگ بدترین ظلم اور انصاف کا قتل ہے۔ تجاوزات کے نام پر ظلم و خیانت کی انتہاء کردی گئی ہے۔ تجاوزات کی آڑ میں مساجد اور قانونی گھروں کو مسمار کرنے نہیں دیں گے۔ جمعیت علماء اسلام اس طرح کے ہر ظلم و زیادتی پر مبنی آپریشن میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ پیسے بٹورنے کے واسطے نالوں پر نقشے سے زائد کٹنگ ناقابل برداشت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنارس، فرنٹئیر اور اورنگی ٹاؤن کے نالے کے آس پاس دورے کے موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیداکبرشاہ ہاشمی، انجینئر سلیم، مولاناثناء اللہ عباسی، ڈاکٹرنصیرالدین، مولاناکمال الدین، قاری عبداللہ بسمل، مولانااقبال حسین، ماما جہانزیب، قاری نعیم حفیظ اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ آپریشن میں کئی مساجد بھی متاثر ہورہی ہیں۔ ہم منی ایکسپریس وے کے مخالف نہیں مگر انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے نالے کے دونوں جانب برابری کی بنیادوں پر نقشہ پر عمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ظلم کی انتہاکردی گئی ہے۔ نالے کے ایک جانب صرف 8 فٹ جبکہ دوسری طرف پکی آبادی سے 24 فٹ پکے مکانات گراکر خیانت اور ظلم کی بدترین مثال قائم کی جارہی ہے۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ ضلعی اور شہری انتظامیہ ہوش کے ناخن لے۔ لوگوں کو سہولتیں فراہم نہیں کی جاسکتیں تو انکے گھروں کو تو مسمار نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ بلاجواز ہٹ دھرمی اور رشوت سے باز نہ آئی تو پھر تجاوزات کے نام پر جاری زیادتی روکنے کے لئے مختلف آپشنز سمیت سخت ردعمل مجبوری ہوگی۔

قاری محمد عثمان نے اہل علاقہ کو یقین دلایا کہ جمعیت علماء اسلام ہر موقع پر آپ کے جائز حقوق کے لئے آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جاسکتی۔ اگر ناجائز آپریشن ہوا تو عوام کی قوت سے اسکا راستہ روکا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگرواقعی اورنگی، فرنٹئیر نالے کے آس پاس عوامی سہولت کیلئے منی ایکسپریس وے ہی بنائے جانے کا منصوبہ ہے تو پھر نالے کے آس پاس برابری کی بنیادوں کی حدود کا تعین کیا جائے،اس سلسلے میں علاقہ ایس ڈی ایم کا کردار نہ صرف مشکوک ہے بلکہ ناجائز تجاوزات والی بڑی مچھلیوں کے سامنے ایس ڈی ایم کی بے بسی معنی خیز ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *