سندھ بھر کے 40 سے زائد یتیم خانوں کی رجسٹریشن منسوخ ، محکمہ سماجی بہبود سے نئی رجسٹریشن لینے کا حکم .

حکومت سندھ نے عدالتی احکامات پر صوبے میں قائم ان تمام نجی یتیم خانوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے جو غیر متعلقہ اداروں سے رجسٹرڈ ہیں جبکہ تمام محکموں کے سیکریٹریز اور اضلاع کے کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ یتیم خانوں کو ضابطے میں لانے کےلئے ’’سندھ دارلاطفال (کنٹرول اینڈ سپرویژن ) ایکٹ 1976 ‘‘ کو نافذ العمل بناتے ہوئے تمام یتیم خانوں کو پابند کریں کہ وہ اپنی رجسٹریشن مذکورہ قانون کے تحت محکمہ سماجی بہبود سے کرائیں ۔

رجسٹریشن کے ساتھ ہی پہلی بار ہزاروں یتیم بچے نجی اسکولوں میں مفت تعلیم حاصل کرسکیں گے ۔ اس ضمن میں گفتگو کرتے ہوئے محکمہ سماجی بہبود کے سیکریٹری طٰحہ احمد فاروقی نے جنگ کو بتایاکہ ان کی خصوصی دلچسپی یتیم خانوں میں زیرپرورش بچوں کو معیاری تعلیم دلانے پر ہے جس کے لئے قانون سازی کی جارہی ہے .

اس حوالے سے رپورٹ 13مئی کو عدالت میں پیش کی جائے گی جس کے بعد صوبے بھر کے یتیم بچے نجی اداروں میں مفت تعلیم حاصل کر سکیں گے ۔ یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ محکمہ سماجی بہبود سے حاصل کردہ اعدادوشمار کے مطابق سندھ میں قائم چالیس یتیم خانوں میں سے ایک بھی سندھ دارالاطفال ایکٹ 1976 کے تحت محکمہ سماجی بہبود سندھ سے رجسٹرڈ نہیں .

بلکہ یہ سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860، دی ٹرسٹ ایکٹ 1982 اورضلعی انتظامیہ سمیت دیگر محکموں سے رجسٹرڈ چل رہے ہیں اس لحاظ سےاگر دیکھا جائے تو عدالتی اور حکومتی احکامات کی روشنی میں سندھ کے تمام نجی یتیم خانوں کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے گی اور انہیں محکمہ سماجی بہبود سے رجسٹریشن کرانی پڑے گی۔

ان یتیم خانوں میں ایدھی ہومز فار بوائز ، ہوم فار ہوم لیس ایدھی ولیج فار بوائز ، انجمن حیات الاسلام ، آشیانہ ، پاکستان سوسائٹی ، صارم برنی ٹرسٹ ، سیرت الجنہ ، زہرا اکیڈمی ، مشعل ، گلستان زینبیہ، نشیمن ، المحسن ، حسینی آرفن ایج ، کاشانہ اطفال ، ایس او ایس ولیج ، دارلاطفال البنات ، دارلسکون ، ماوا،عبداللہ ہارون ، مائی ہومز المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ، پاکستان بیت المال سویٹ ہومز ، اقرا سویٹ ہومز ، شیڈ ، گوشہ ءعافیت ، داؤد ہومز، آغوش آرفن کیئر، شوکت الاسلام ، فیری ہومز، ایس او ایس ولیج جامشورو ، ایس او ایس ولیج خیر پور ، نیو کلفٹن ہوم فار گرلز ایدھی سینٹر ، آغوش سینٹرز آرفن ایج مٹیاری ، آغوش سینٹرز آرفن ایج مٹیاری ، امزی ہوم آرفن ایج ، پاکستان بیت المال سویٹ ہومزسکھر ، پاکستان بیت المال سویٹ ہومز میر پور خاص ، پاکستان بیت المال سویٹ ہومز نواب شاہ ، دارلاطفال سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ حیدرآباد ، دارلاطفال سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سکھراور ڈان بوسکو آرفن ایج شامل ہیں ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *