کالج، جامعات کے غریب اسٹوڈنٹس بھی زکوٰۃ کے مستحق ہیں، خطیب شاہی مسجد چترال

چترال: خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان کاکا خیل نے کہا ہے کہ مدارس کے دینی غریب طلبہ و طالبات کی طرح اسکول، کالج اور یونیورسٹیز کے نادار اسٹوڈنٹس بھی زکوٰۃ اور صدقات کے مستحق ہیں، صاحب ثروت مسلمان کالج و یونیورسٹیز کے غریب طلبہ و طالبات کی بھی زکوٰۃ و صدقات اور عطیات سے دل کھول کر مدد کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہی مسجد چترال میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔

مولانا خلیق الزمان کاکا خیل نے کہا کہ زکوٰۃ دین اسلام کا ایک اہم ترین رکن ہے اور اللہ تعالیٰ نے اسے اپنے نادار اور مفلوک الحال بندوں کی مدد کیلئے مقرر فرمایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کریم میں زکوٰۃ کے تفصیلی احکام ارشاد فرمائے گئے ہیں اور اس کا مقصد سوشل ویلفیئر کے مستحکم نظام کا قیام ہے، تاکہ سوسائٹی میں غربت و امارت میں توازن اور اعتدال قائم رہے اور کوئی شخص تنگدستی اور مفلوک الحالی کے باعث زندگی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہے، انہوں نے کہا کہ تاریخ میں جب بھی یہ نظام کما حقہ لاگو کیا گیا، سوسائٹی سے غربت کا خاتمہ ہو کر رہا۔

مولانا خلیق الزمان کاکا خیل کا کہنا تھا کہ آج ہم غربت کے خاتمے کیلئے انسانی ساختہ فارمولوں کی طرف دیکھ رہے ہیں مگر چودہ صدیاں قبل اللہ نے ہمیں جو فارمولا دیا، اسے بہتر انداز میں مینج کرتے ہوئے عار محسوس کرتے ہیں، اسی لئے عالم اسلام میں آج غربت ہر طرف پنجے گاڑے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر تمام صاحب ثروت مسلمان باقاعدگی سے زکوٰۃ، صدقات اور عطیات دیا کریں اور زکوٰۃ، صدقات و خیرات کے صحیح استعمال کا منظم نیٹ ورک قائم کیا جائے تو آج بھی اس نظام کے ثمرات سے سوسائٹی مستفید ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  میری اپیل ہے کہ تمام اہل خیر حضرات باقاعدگی سے زکوٰۃ ادا کریں اور اپنے مال میں سے نادار افراد اور غریب خاندانوں کے مستحق اسٹوڈنٹس کی بھی بھرپور مدد کریں۔

مولانا خلیق الزمان کاکا خیل  نے کہا کہ جس طرح دینی مدارس کے غریب طلبہ زکوٰۃ کے مستحق ہیں، عین اسی طرح کالجز اور یونیورسٹیز کے وہ طلبہ جن کے والدین اور سرپرست ان کے تعلیمی اخراجات نہیں اٹھا سکتے، وہ بھی زکوٰۃ و صدقات کے مستحق ہیں، جدید علوم و فنون علوم مفیدہ کی حیثیت سے آج کی دنیا میں سربلندی کا اہم ذریعہ ہیں، آج ہم دنیا میں مغلوب و محکوم اسی لئے ہیں کہ ہم نے علوم میں تفریق کی لکیر کھینچ دی ہے اور ان علوم و فنون سے ناتہ توڑ دیا ہے جو دنیا میں سر بلندی کیلئے سبب اور معاون کا درجہ رکھتے ہیں

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جدید علوم و فنون، سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے سوسائٹی کو زکوٰۃ و صدقات کی مد میں لائق و ذہین نوجوانوں کی مدد کا بار اٹھانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ علمائے دین جدید تعلیم کے ہرگز مخالف نہیں ہیں، بلکہ وہ جدید تعلیم کے نام پر ذہنی تخریب، اغیار کی اندھی تقلید، دین بیزاری اور بے محابا اختلاط مرد و زن کی فتنہ انگیزی کے مخالف ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم تہذیب کے دائرے میں محنت سے سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں بھرپور ترقی کر سکتے ہیں، اس مقصد کیلئے ہمیں مشنری جذبے سے تمام علوم مفیدہ کی سرپرستی کرنا ہوگی اور زکوٰۃ و صدقات کے نظام سے استفادہ کرنا ہوگا۔

مولانا خلیق الزمان کاکا خیل نے کہا کہ الحمد للہ چترال کے علماء جدید علوم کے نہ صرف بھرپور حامی ہیں بلکہ عملا جدید تعلیم کی مالی سرپرستی بھی کر رہے ہیں، جس کی سب سے بڑی مثال محسن چترال جناب قاری فیض اللہ چترالی صاحب کی ہے، جو ہر سال لاکھوں روپے میٹرک کے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے خرچ کرتے ہیں اور 2003 سے اب تک تقریباً 50 لاکھ روپے اس مد میں خرچ کر چکے ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی زکوٰۃ میں کالج و یونیورسٹیز کے نادار و غریب اسٹوڈنٹس کا بھی حصہ کریں تاکہ بہ حیثیت مسلمان ہم دنیا میں سرخرو ہو سکیں۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *