اہل علم اخلاص و خدمت کو اپنا شعار بنائیں، مولانا زبیر احمد صدیقی

ملتان: اہل علم اخلاص و خدمت کو اپنا شعار بنائیں، سادگی اور کفایت شعاری کے ذریعے پر سکون زندگی بسر کر سکتے ہیں. سلف نے دنیا سے منہ موڑ کر دین کو شعار بنایا اسلام کی اشاعت و تبلیغ میں اپنا تن من دھن قربان کر دیا اسلاف کی ان قربانیوں کی وجہ سے دین زندہ ہے اسی جذبہ کے ساتھ فضلاء کرام کو آگے بڑھانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار جامعہ فاروقیہ شجاع آباد کے مہتمم و ناظم وفاق المدارس العربیہ پاکستان جنوبی پنجاب شیخ الحدیث مولانا زبیر احمد صدیقیؔ نے جامعہ فاروقیہ شجاع آباد میں فضلاء کرام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فضلاء کرام اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں عصری تقاضوں کو سمجھ کر حکمت کے ساتھ دین کے کام میں مگن ہوجائیں,اللہ تعالیٰ ان کی دنیوی حاجات پوری فرمائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فتنوں سے حفاظت کے لیے اپنے اکابر سے وابستہ رہیں علماء کرام کے لیے ضروری ہے کہ وہ عصری رابطہ بڑھائیں اور ہر طبقہ فکر تک رسائی پیدا کر کے ان کی راہنمائی کریں۔

جامعہ خیرالمدارس ملتان کے استاذ الحدیث مولانا محمد ازہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دین کے کام کرنے والوں کے لیے روحانی قوت، تزکیہ نفس اور تقویٰ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ مشائخ سے تعلق اور صحبت کے نتیجے میں ترقیات نصیب ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اساتذہ کرام سے محبت و تعلق قائم رکھنا اور ہدایات لیتے رہنا ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔

جامعہ فاروقیہ شجاع آباد کے نائب مدیر مولانا مفتی محمد طیب معاویہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اساتذہئ کرام روحانی والد کا درجہ رکھتے ہیں اور مدرسہ مادر علمی, روحانی والدین کی دعائیں اور ان کی خوشنودی کامیابی کی ضمانت ہے انہوں نے کہا کہ فضلاء کرام کی ہر ضرورت کی تکمیل اور راہنمائی ہمارے لیے اعزاز ہے۔ اجتماع فضلاء میں مولانا عمیر صدیقی ناظم اعلیٰ جامعہ فاروقیہ شجاع آباد نے فضلاء کرام کو استقبالیہ پیش کیا۔

دریں اثناء اجتماع فضلاء کی دوسری نشست آج مؤرخہ 27 فروری صبح 8 بجے منعقد ہوگی جبکہ جامعہ فاروقیہ شجاع آباد میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات کے والدین کا اجتماع بعد نمازِ ظہر انعقاد پزیر ہوگا اجتماع والدین سے مولانا رشید احمد شاہجمالی، مولانا محمد نواز، مولانا زبیر احمد صدیقی اجتماع فضلاء سے جامعہ کے اساتذۃ الحدیث خطاب کریں گے۔ مغرب کے بعد جامعہ کا سالانہ اجتماع درس قرآن کریم و صحیح بخاری شریف کا انعقاد ہوگا جس سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ شیخ الحدیث مولانا محمد حنیف جالندھری، مولانا مفتی محمد حسن، مولانا قاضی عبد الرشید، مولانا محمد عمر قریشی، مولانا ظفر احمد قاسم، مولانا مفتی محمد عبداللہ، مولانا محمد عابد مدنی، مولانا عبد الحمید تونسوی، مولانا حبیب الرحمن، مولانا محمد میاں، مولانا محمد نعیم بٹ، مولانا قاری احمد ادریس ہوشیار پوری خطاب کریں گے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *