ملک پر مسلط بے اختیار حکومت کی حیثیت شو پیس سے زیادہ نہیں ، قاری عثمان

کراچی : ملک پر مسلط بے اختیار حکومت کی حیثیت شو پیس سے زیادہ نہیں۔ انکے اقتدار کی ڈور جہاں سے ہلائی جارہی ہے قوم اس سے بخوبی واقف ہے۔ آمریت کی گود میں پلے بڑھے لوٹے جمہوریت کی تشریح نہ کریں۔ چند لوٹوں کی بیان بازی سے اپوزیشن جماعتوں کی تحریک پر اثر نہیں پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار پی ڈی ایم کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولاناحافظ حمداللہ اور جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء قاری محمد عثمان نے مدرسہ بیت العتیق کراچی میں منعقدہ سالانہ دستار فضیلت کانفرنس اور ملیر میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالنے والے رعایت کے مستحق نہیں۔ چور دروزاے سے اقتدار پر قابض حکمرانوں کے اقتدار کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ لوٹوں اور چمچوں کے اشتراک سے بننے والا نیا پاکستان قوم کو قبول نہیں۔ ملک میں آج احتساب کا نعرہ وہ لوگ لگارہے ہیں جنہوں نے ماضی کی حکومتوں میں اقتدار کے مزے لوٹ کر ملک کو لوٹا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی میں اشیائے خوردونوش کا بحران پیدا کرکے عوام کو لوٹا جارہاہے۔ حکومت کے پاس غربت ختم کرنے کی کوئی پالیسی نہیں۔

ان رہنماؤں نے مزید کہاکہ اس ناجائز اور مسلط کردہ حکومت کا جنازہ قائد پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں پورا ملک پڑھے گا۔ حکومت کے باقی رہنے کا جواز ختم ہوچکا ہے۔ ان کو لانے والوں کے پاس بھی کوئی آپشن باقی نہیں رہا۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *