سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت شہر میں بلاتعطل فراہمی آب کے حوالے سے اہم اجلاس

بلا تعطل فراہمی آب

کراچی(16 فروری 2021)
وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کراچی میں رہائشی و صنعتی علاقوں میں پانی کی لگاتار فراہمی کے موضوع پر اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ سیکرٹری محکمہ بلدیات سید نجم احمد شاہ نے اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کراچی کے رہائشیوں کی بڑھتی ہوئی پانی ضروریات کے حوالے سے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت متعدد منصوبہ جات پر کام جاری ہے جس کے دور رس نتائج سے شہر کے عوام جلد فیض یاب ہوں گے۔

مزید پڑھیں: وزیر بلدیات کا انوکھااورعجیب وغریب کارنامہ

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت روز اول سے ہی انسانی خدمت کے مشن پر مامور ہے اور حکومت سندھ کا ہر فیصلہ اور منصوبہ لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے فلسفے پر ہی متعین ہوتا ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہر کراچی چونکہ پورے ملک کی معاشی شہ رگ ہونے کا اعزاز رکھتا ہے لہذا اس شہر کے تمام صنعتی و کاروباری علاقوں میں بلاتعطل پانی کی فراہمی حد درجہ ضروری ہے۔ وزیر بلدیات سندھ کے مطابق جب تک پانی چوری کے خلاف فیصلہ کن کاروائیاں عمل میں نہیں لائی جائیں گی تب تک شہرکو پانی کی بلا رکاوٹ فراہمی کا مشن پورا ہونا ناممکن ہے۔

مزید پڑھیں: محکمہ بلدیات سندھ نے تمام اُمور کو مکمل ڈیجیٹلائز کر دیا

وزیر بلدیات سندھ نے میٹنگ میں موجود ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام علاقوں میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز کیا جائے اور بلا خوف و رعایت پانی چور مافیا کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ میٹنگ کے شرکاء میں شامل اسپیشل سیکرٹری نجیب احمد، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے خالد محمود شیخ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان، ایم ڈی سالڈ ویسٹ زبیر چنہ نے بھی اپنی تجاویز سے وزیربلدیات سندھ کو آگاہ کیا۔

سید ناصر حسین شاہ نے شرکاء میٹنگ کی تمام تجاویز و آراء کو بغور سننے کے بعد کہا کہ محکمہ بلدیات سندھ چونکہ براہ راست عوامی مسائل و معاملات سے وابستہ ہوتا ہے لہذا اس کے تمام ذیلی و متعلقہ اداروں کے افسران و ذمہ داران اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی منصوبے کی مدت غیر ضروری طور پر طوالت کا شکار نہ ہو۔ وزیر بلدیات سندھ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی اداروں کے تعاون سے جاری تمام منصوبے مکمل شفافیت اور بروقت تکمیل سے ہمکنار ہونے چاہئیں تاکہ عوام کو مستقل ریلیف اور آسانیوں کی فراہمی کا مشن شرمندہ تعبیر ہوسکے۔

 

مزید پڑھیں: چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر عہدے سے ہٹا دیئے گئے
سیکرٹری بلدیات سندھ سید نجم احمد شاہ نے میٹنگ کے اختتام پر وزیر بلدیات سندھ کا شکریہ ادا کیا اور محکمہ جاتی اصلاح اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے گراں قدر رہنمائی دینے پر ان کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *