Home پاکستان وفاق المدارس العربیہ کا سپریم کورٹ کے مبارک ثانی کیس کے فیصلے...

وفاق المدارس العربیہ کا سپریم کورٹ کے مبارک ثانی کیس کے فیصلے کا خیر مقدم، مولانا حنیف جالندھری کا چیف جسٹس کو خراج تحسین

اسلام آباد: وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری نے مبارک ثانی کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ مولانا جالندھری نے اس فیصلے کو شریعت اسلامی، آئینِ پاکستان، اور حقائق کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اس تفصیلی فیصلے کا شدت سے انتظار تھا، اور اس فیصلے سے قوم میں پائی جانے والی بے چینی اور اضطراب ختم ہوگا۔

مولانا جالندھری نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور دیگر ججوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے سابقہ فیصلوں کی وجہ سے جو تشویش اور غلط فہمیاں پیدا ہوئی تھیں، حالیہ فیصلے نے ان کا ازالہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سابقہ فیصلوں کو کالعدم قرار دے کر عدالتی ریکارڈ درست کر دیا ہے، جس سے قوم کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

انہوں نے تمام دینی و سیاسی جماعتوں، سربراہان، کارکنان، اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی بیداری اور مستقل جدو جہد کے نتیجے میں یہ فیصلہ آیا۔ مولانا جالندھری نے کہا کہ اس فیصلے نے قوم کی فکری اور عملی جدوجہد کو ایک نیا رخ دیا ہے اور عدلیہ کے انصاف پر اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔

جاری کردہ: میڈیا سینٹر وفاق المدارس العربیہ پاکستان

Exit mobile version