محسنِ انسانیتؐ کی حیات طیبہ پر میوزیم کا افتتاح!

حیاتِ طیبہ

مدینہ منورہ میں جناب نبی کریم علیہ الصلاۃ و السلام کی حیات طیبہ اور اسلامی تہذیب کے حوالے سے بین الاقوامی نمائش اور عجائب گھر کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔

عرب نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے اسلامی تمدن اور سیرت مبارکہ کے بین الاقوامی عجائب گھر اور نمائش کا افتتاح کیا۔ یہ عجائب گھر مدینہ منورہ میں واقع ہے۔ گورنر اور چیئرمین مدینہ ریجن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اس اقدام کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف ویژن 2030ء کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی، بلکہ بین الاقوامی سیاحوں کی مملکت میں دلچسپی بھی بڑھے گی۔ بین الاقوامی نمائش برائے اسلامی تہذیب اور پیغمبر اسلام کی زندگی کے حوالے سے عجائب گھر مسلم ورلڈ لیگ کے زیر سایہ شروع کیا گیا تھا، منصوبے کے مطابق طے کیا گیا تھا کہ دنیا بھر میں اسلامی عجائب گھر قائم کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: مدینہ منورہ صحت افزا شہر قرار دے دیا گیا

مدینہ طیبہ میں پیغمبر اسلام کی مسجد کے ساتھ واقع یہ عجائب گھر 24 گھنٹے کھلا رہے گا اور یہ اسلام کی تاریخ اور پیغمبر اسلامؐ کی زندگی سے متعلق ہے۔ اس حوالے سے پرنس فیصل کا کہنا ہے کہ نمائش میں شامل اشیا ایک ایسی تاریخی میراث کو پیش کرتی ہیں، جس سے اسلام کی رواداری اور اعتدال کا مظاہرہ ہوتا ہے۔ مسلم ورلڈ کی جانب سے ایک بیان میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ ”اس کا مقصد محبت، نیکی، انسانیت، اعتدال پسندی، رواداری اور بقائے باہمی کے جذبات پیدا کرنا ہے اور ساتھ ہی اسلام کے پیغام کو عام کرنا ہے۔“

عجائب گھر درجنوں پینٹنگز اور دیگر فن پاروں پر مشتمل ہے۔ یہاں بیک وقت سات زبانوں میں معلومات دی گئی ہیں، جن میں عربی، انگریزی، ہسپانوی، فرانسیسی، اردو، ترکش اور انڈونیشین زبانیں شامل ہیں۔ یہاں 4 ڈی ایکس تھیٹر بھی قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے پیغمبر اسلام کی حیات طیبہ کے حوالے سے ویڈیوز دکھائی جاتی ہیں۔ نمائش کے 25 پویلینز میں سے ایک ان خواتین کے لیے وقف ہے، جنہوں نے اسلام کے ابتدائی دنوں میں اہم کردار ادا کیا اور سچ اور نیکی کا پیغام پھیلایا۔

اسی طرح ایک پویلین پیغمبر اسلام کی حیات طیبہ میں بچوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتا ہے، جو ایسے قصوں کو یاد دلاتا ہے کہ کیسے آپ علیہ الصلاة و السلام نے بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی نشوونما کے حوالے سے آپ کی تعلیمات کیا ہیں۔ ایک پویلین خدا تعالیٰ کے 99 ناموں کے لیے مخصوص ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ اس کے معنی کیا ہیں۔ اسی طرح ایک پویلین دوسرے پیغمبران کے لیے وقف ہے، جس میں ان کی زندگی کے حوالے سے معلومات دی گئی ہیں۔ نمائش میں آپ پیغمبر اسلام کی مبارک زندگی کے اہم واقعات کے بارے میں جان سکیں گے، اس کے لیے استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی دیکھنے والوں کو 14 سو سال پیچھے کے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں لے جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: مسجد نبوی کی محرابیں

سیکریٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ اور ایسوسی ایشن آف مسلم اسکالرز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم نے مسلم ورلڈ لیگ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے اسلام اور مسلمانوں کی ایک اہم خدمت کی ہے۔ واضح رہے کہ مدینہ منورہ میں اس طرح کا ایک اور میوزیم پہلے سے موجود ہے۔ مسجد نبوی شریف سے جنت البقیع کی طرف آئیں تو وہاں سے ایک سیدھی سڑک مدینہ منورہ کے خوبصورت عجائب گھر کی طرف جاتی ہے، جہاں دینی لحاظ سے نہایت مفید معلومات یہاں پہنچنے والے زائرین کیلئے سرمایہ حیات بن جاتی ہیں۔

مزید پڑھیں: سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ

یہ میوزیم مسجد نبوی سے 5 سے 7 کلو میٹر کی دوری پر ہے، جس میں سیرت طیبہ کے مختلف پاکیزہ گوشوں کو سمجھنے کیلئے تقریباً 70 کے قریب ماڈل رکھے گئے ہیں۔ ان میں سے ہر ماڈل کی مدد سے بہت سی تفصیلات ملتی ہیں کہ مکہ مکرمہ کیسے آباد ہوا، کعبہ مشرفہ کتنی بار تعمیر ہوا۔ ان میں منفرد انداز سے پیغمبر اسلامؐ کی حیات طیبہ کے مبارک پہلوؤں کو اجاگر کیا گیاہے۔ عجائب گھر میں مسجد نبوی کی تعمیر کے ماڈل، گنبد مبارک کی تعمیر کے مراحل، چھوٹے گنبد سے بڑے گنبد کی طرف سفر، روپہلے سے سبز رنگ میں تبدیلی، رسول کریم کے مسکن مبارک، امہات المومنینؓ کے حجروں، نبی اکرم کے عہدمبارک والے مدینہ منورہ کے کئی ماڈل رکھے گئے ہیں۔

بعثتِ مبارکہ اور تاریخ کا دھارا بدل دینے والی ہجرت مبارکہ کو ماڈل کے ذریعے سے نمایاں کیا گیا ہے۔ عجائب گھر میں قرآن کے ساتھ رسول اقدس کے تعلق کو خاص طور پر نمایاں کیا گیا ہے۔ نبی کریم کی مجلسِ عالی، امہات المومنینؓ اور ان کی مبارک زندگی سے متعلق بھرپور معلومات عجائب گھر کا حصہ ہیں۔ آپ کی ولادتِ باسعادت سے لے کر وفات تک کے کئی واقعات کو ماڈل کی شکل میں انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نبی اکرم کی ہجرت مبارکہ کا راستہ، راستے میں پیش آنے والے واقعات، قباء تک پہنچنا، مسجد قباء، مسجد جمعہ، مسجد نبوی شریف کی تعمیر کے مراحل، جنگ خندق اور جنگ احد کے واقعات، احد کے پہاڑ اور سیدنا حمزہؓ کی شہادت کا واقعہ، ان کے بارے میں ماڈل کے ذریعے تفصیلی رہنمائی ملتی ہے۔

جنگوں کے دوران پہنے جانے والے لباس، دستی ہتھیار اور بچاوٴ کے سامان کی بھی بہت خوبصورت طریقے سے سجاوٹ کی گئی ہے۔ ہر ماڈل کے پاس عربی اور انگلش میں تحریریں بھی موجود ہیں، جنہیں پڑھ کر زائرین بہت مفید معلومات حاصل کرتے ہیں۔ مسجد نبوی شریف میں حجرہ سیدہ عائشہ صدیقہؓ اور روضہ اطہر کی درجہ بدرجہ تعمیر، کیسے کیسے زیادہ سے زیادہ بہتری اور خوبصورتی میں اضافہ کیا گیا، اس کی تفصیل، جنت البقیع کا احاطہ، وہاں تدفین کے مراحل، ان کا طریقہ، قبر کی کھدائی اور تدفین کا انداز بھی ماڈل کی شکل میں دکھایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: سینٹ میں نبی کریم ﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبین لکھنے کی قرار داد منظور ہونا خوش آئند ہے : مجلس تحفظ ختم نبوت

تقریباً 100سال قبل مدینہ منورہ شہر کا انداز زندگی، اس زمانے میں عام استعمال میں آنے والے مختلف قسم کے سامان بھی اس عجائب گھر میں رکھے گئے ہیں۔ کافی زائرین یہ سمجھتے ہیں کہ یہاں پاک نبی کریم کے تبرکات رکھے گئے ہیں، لیکن یہاں پر ایسا کچھ نہیں، بلکہ ماڈلز کے حوالے سے بہت سے واقعات و حقائق کے بارے میں رہنمائی کی گئی ہے۔ زائرین یہاں آ کر جب اپنی زبانوں میں تعارف کرانے والوں کو پاتے ہیں تو انتہائی خوشی محسوس کرتے ہیں۔

اس عجائب گھر میں اردو، فارسی، ترکی، انگریزی اور عربی سمیت متعدد زبانوں کے ترجمان زائرین کو تفصیلات بتاتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ اس میوزیم کی بدولت زائرین محسن انسانیت کا جامع تعارف مبارک دیکھ کر زندگی بھر کا اپنا خواب شرمندہ تعبیر کر رہے ہیں۔ عجائب گھر دیکھ کر بلا ارادہ خوشی کے آنسو چھلک پڑتے ہیں۔

(ضیاء چترالی)

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *